ٹی وی شو کے سیٹ پر لڑائی،برطانوی اہم شخصیات جعلی تصاویر، ویڈیوز پربھڑک اٹھیں

Jun 09, 2026 | 12:26:PM
ٹی وی شو کے سیٹ پر لڑائی،برطانوی اہم شخصیات جعلی تصاویر، ویڈیوز پربھڑک اٹھیں
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک ) برطانیہ میں مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ڈیپ فیک مواد کے ایک نئے  سکینڈل نے سیاسی اور مالی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے، جس میں برطانوی سیاست دان نائجل فراج اور بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بیلی کے درمیان مبینہ جھگڑے کی جعلی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر گردش کرنے والے مواد میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں شخصیات  ایک پروگرام  کے سیٹ پر شدید تلخ کلامی کے بعد جسمانی تصادم میں الجھ گئیں، حتیٰ کہ بعض جعلی مناظر میں نائجل فراج کو مبینہ طور پر اسلحہ تھامے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

تاہم نائجل فراج نے ان تصاویر اور ویڈیوز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی کسی بھی حد تک نہیں جا سکتے،آپ نے شاید آج اس پلیٹ فارم پر کچھ عجیب AI ویڈیوز دیکھی ہوں، میں کبھی بھی اس حد تک نہیں جا سکتا۔

بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بیلی نے بھی ان مواد کو مکمل طور پر جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صارفین کو دھوکہ دینے اور مالی فراڈ کی طرف راغب کرنے کی ایک منظم کوشش ہے، ان کے مطابق یہ مواد دراصل ایک آن لائن اسکام کا حصہ ہے جو جعلی سرمایہ کاری اسکیموں کی طرف لوگوں کو مائل کرتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:فائلیں ختم، سسٹم بدل گیا! پراپرٹی خرید و فروخت کا نیا دور شروع

رپورٹس کے مطابق یہ ڈیپ فیک مواد مختلف اکاؤنٹس سے دوبارہ شیئر کیا گیا، جس میں جعلی خبریں اور فرضی سرخیاں شامل تھیں، جن کا مقصد صارفین کو مشکوک سرمایہ کاری ویب سائٹس تک لے جانا تھا۔

بینک آف انگلینڈ کے مطابق ادارے کی ٹیمیں ایسے جعلی اشتہارات کی نشاندہی کر کے انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں، جبکہ صارفین کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ آن لائن مواد کے حوالے سے انتہائی احتیاط برتیں۔

ماہرین کے مطابق یہ واقعہ جدید دور میں AI ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال اور آن لائن فراڈ کے نئے طریقوں کی خطرناک مثال ہے، جو عوام کو مالی نقصان اور گمراہ کن معلومات کا شکار بنا سکتے ہیں۔