صدراوروزیراعظم کا بین الاقوامی انسداد بدعنوانی دن پراہم پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) صدرِ آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بین الاقوامی انسداد بدعنوانی دن پر پیغام جاری کردیا۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج ہم دنیا کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کا انسداد بدعنوانی دن منا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یہ دن 2003 میں اس لئے مقرر کیا تھا کہ بدعنوانی سے ہونے والے نقصانات پر عالمی توجہ مبذول کرائی جائے اور اس کنونشن کی اہمیت اجاگر ہو جس کا مقصد کرپشن کو روکنا ہے۔ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد حکومتوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان کاکہناتھا کہ بدعنوانی عوام کا اعتماد کمزور کرتی ہے، اداروں کی کارکردگی متاثر کرتی ہے اور وسائل ان لوگوں تک نہیں پہنچنے دیتی جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ترقی کی رفتار سست کر دیتی ہے، قانون کی بالادستی پر یقین گھٹاتی ہے اور بنیادی سرکاری خدمات کو بھی متاثر کرتی ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے ادارے مضبوط، غیر جانبدار اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہوں۔
صدر آصف زرداری نے کہاکہ پاکستان نے وقت کے ساتھ احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ مختلف مالی بے ضابطگیوں، اختیارات کے غلط استعمال اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضوں کے کیسوں میں سرکاری رقوم لوگوں سے واپس لی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف ملا اور کئی اداروں کو ان کے اثاثے واپس ہوئے۔ یہ مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ جب ادارے دیانت سے کام کریں اور اپنے قانونی دائرے میں رہیں تو اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ احتساب کے ادارے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہیں، کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کریں اور اپنی کارروائیوں کو صرف قانون اور شفاف طریقہ کار کے مطابق چلائیں۔ شفافیت، پیشہ وارانہ معیار اور اخلاقی طرز عمل ہی اداروں کی ساکھ بناتے ہیں۔ جو ادارے ان اصولوں کو اپناتے ہیں وہ نہ صرف بدعنوانی کو روکتے ہیں بلکہ عوام کا اعتماد بھی مضبوط کرتے ہیں۔
صدر پاکستان کاکہناتھا کہ اس موقع پر میں تمام سرکاری ملازمین، پیشہ ور افراد اور شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایمانداری اور اچھی حکمرانی کے عزم کا اعادہ کریں۔ دیانت داری پر قائم ہمارا اجتماعی عزم پاکستان کے اداروں کو مضبوط کرے گا اور قومی استحکام اور ترقی کے سفر میں مدد دے گا۔میں شفافیت اور احتساب کیلئے کام کرنے والی تمام تنظیموں کیلئے کامیابی کے لئے دعا گو ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ وہ پاکستان میں ایک صاف اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف کااپنے بیان میں کہناتھا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اس عزم کی تجدید کرتا ہے اور بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں گے۔ ان کاکہناتھا کہ 2025 میں یہ عالمی دن "نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف: ایماندار، باعزت مستقبل کی بنیاد" کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔ یہ عنوان ہمہ جہتی اور ہر عمر کی آبادی کی شمولیت سے اس برائی کے خاتمہ کرنےکی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔ نوجوان ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت ہیں۔جدید دور میں بدعنوانی کی نوعیت اور طریقہ کار تیزی سے بدل رہی ہیں اس لیے نوجوانوں کی اس کے سد باب میں شمولیت سے اس ناسور کو مؤثر انداز میں ختم کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ مالی بدعنوانی ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔انسداد بدعنوانی کاعالمی دن دنیا بھر کے افراد کو یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ وہ بدعنوانی کے مضر معاشرتی اثرات کی حوصلہ شکنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ مالی بدعنوانی نہ صرف ملکی انتظامیہ کو کمزور کرتی ہے بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی، معاشرتی انصاف و مساوات، معاشی ترقی اور فلاحی ریاست کے بنیادی اصولوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور تمام متعلقہ ادارے بھرپور طریقے سے اور بڑی تندہی سے کارروائی کر رہے ہیں تاکہ انتظامی ، مالیاتی اور ادارہ جاتی سمیت ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔مالی بد عنوانی کے خلاف قانونی کارروائیاں اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے نیب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور اس تناظر میں نوجوان نسل میں انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی نیب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ منظم مالی جرائم کے باعث اپنی رقوم سے محروم ہونے والے شہریوں کی بروقت داد رسی سے بھی نیب پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔عالمی سطح پر بھی پاکستان اس معاشرتی برائی کے خاتمے کے لیۓ موثر شراکت داری کررہا ہے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی (UNCAC) کے تحت مختلف ممالک کے ساتھ تعاون اور باہمی قانونی معاونت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط عالم شراکت داری کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آج انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر آئیے تجدید عہد کریں کہ ہم یکجہتی، مشترکہ مقصد اور شفاف، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل میں ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔اور وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت پورے معاشرے کی سطح پر ہر طبقہ اور رہنماؤں کو شامل کرتے ہوئے اس کے خلاف جدو جہد کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔