دورہ پاکستان کے حوالے سے سنجیدہ ہے،اہم شخصیت بہت جلددورہ کرے گی،کینڈین حکام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(محسن الملک)کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی پرائم منسٹر و وزیر خارجہ پاکستان کی جانب سے کینیڈا کو دورے کی باقاعدہ دعوت دی جا چکی ہے اور کینیڈین حکومت اس حوالے سے سنجیدہ ہے،انہوں نے تصدیق کی کہ کینیڈا سے ایک اہم شخصیت بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کینیڈا کے رکنِ قومی اسمبلی یاسر نقوی نے خوشخبری دی ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت مزید بہتر ہونے جا رہی ہے،انہوں نےبتایا کہ کینیڈین حکومت کو پاکستان سے باقاعدہ دعوت نامہ موصول ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ مل کر دوطرفہ تجارت کو فروغ دیں کیونکہ دونوں ممالک میں تجارتی مواقع کی بڑی گنجائش موجود ہے،یاسر نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر محمد سلیم سے بھی اُن کی کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں کمی کے بعد کینیڈا نئی مارکیٹس کی تلاش میں ہےاور پاکستان ایک بہترین آپشن کے طور پر سامنے آیا ہے، کینیڈا پہلے ہی پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں اشتراک کر رہا ہے۔
یاسر نقوی نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے جبکہ کینیڈا رقبے کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے،دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے لیے محبت اور عزت کے جذبات رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کینیڈا سے کھانے پینے کی اشیاء پاکستان کی منڈیوں تک پہنچائی جائیں،کینیڈا گھریلو گیس اور پیٹرول بھی پاکستان سمیت دیگر ممالک کو برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یاسر نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان کینیڈا کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ہے اور کینیڈا میں بھی پاکستانی اشیاء کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ کینیڈا ویزا پالیسی میں اہم تبدیلیاں لا رہا ہے جن کے اثرات آنے والے دنوں میں واضح طور پر نظر آئیں گے بلکہ کچھ تبدیلیاں تو ابھی سے دکھائی دے رہی ہیں۔