کور کمانڈرز کانفرنس میں انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، نئے خطرات، آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ

Oct 08, 2025 | 16:51:PM
کور کمانڈرز کانفرنس میں انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، نئے خطرات، آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا آغاز بھارتی پراکسیز کے دہشت گرد حملوں کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے عزم و حوصلے کو سراہا،سیلاب کے بعد ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پاک فوج کے تعاون کو سراہا گیا۔

کورکمانڈر کانفرنس میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، نئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا،اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسلح افواج دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

فورم نے دہشت گردی اور جرائم کے درمیان موجود گٹھ جوڑ اور اس کی سیاسی سرپرستی پر شدید تشویش کا اظہار کیا،ریاست اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی اس روش کو کسی صورت جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔

فورم نے بھارتی سول و عسکری قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر شدید تشویش ظاہر کی،بھارتی قیادت کی جنگی جنون پر مبنی روش سیاسی مقاصد کے لیے پرانی عادت ہے۔

شرکاء نے کہا بھارتی اشتعال انگیزی خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے،  اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

کسی بھی جعلی “نئے نارمل” کا سامنا پاکستان کے “نئے نارمل” یعنی تیز اور بھرپور جوابی کارروائی سے ہوگا،شرکاء نے بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیموں جیسے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

فورم نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کیا، شرکاء نے عالمی و علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کو دُہرایا،فورم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ کا خیرمقدم کیا۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے سنگِ میل قرار دیا گیا،فورم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور امن کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

معاہدہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اہم قدم ہے،فورم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

فورم نے کہا کہ کشمیریوں کا حقِ خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے،فلسطینی عوام کی جدوجہد اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

فورم نے دو ریاستی حل کی حمایت دُہرائی،  1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

فیلڈ مارشل کی کور کمانڈرز کو اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس اور جدت برقرار رکھنے کی ہدایت  کی، فیلڈ مارشل نے پاک فوج کی مکمل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :سکیورٹی فورسز کا اورکزئی میں آپریشن، 19 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 جوان شہید