کراچی میں پولیس پر فائرنگ کرنے والے دو ڈاکو مارے گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)کراچی میں پولیس پر فائرنگ کرنے والے دو ڈاکو مارے گئے۔
کراچی کے علاقے پاک کالونی میں پولیس پر فائرنگ کرنے والے دو ڈاکوؤں کے مارے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے تصدیق کی ہے کہ کراچی کے علاقے پاک کالونی میں مقابلے میں زخمی ہونے والے دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان متعدد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے اور بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو بھی لوٹا کرتے تھے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے اسلحہ، دو پستول اور چھینے گئے موبائل فون برآمد کرلیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان ارشد، سعید سے مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، تلاش ڈیوائس سے ملزمان کی شناخت، سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان 19 سے زائد ڈکیتی، اسلحے، پولیس پر فائرنگ، ڈکیتی کے مقدمات میں مفرور تھے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے بفرزون میں گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے تین ڈاکو پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے تھے۔