پاکستان اور سعودی عرب نے حج 2024ء کے معاہدے پر دستخط کردیے

Jan 08, 2024 | 00:45:AM
پاکستان اور سعودی عرب نے حج 2024ء کے معاہدے پر دستخط کردیے
کیپشن: فوٹو 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب نے اتوار کو جدہ میں حج 2024ء کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
سعودی وزیرحج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے اس حوالے سے بتایا کہ پاکستانی عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ منیٰ میں خصوصی جگہ دی جائے گی اور اس کے نرخ بھی کم ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے، سعودی عرب نے اس سال کراچی کو بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کیا ہے جس سے عازمین کو سہولت ہوگی۔
ایک سوال پر انیق احمد نے کہا کہ’ پاکستان سپانسر شپ سکیم کے تحت بچ جانے والا کوٹہ سعود ی عرب کو واپس کرے گا‘۔
نگراں وزیر نے بتایا کہ ’گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔ پاکستان بچ جانے والا 20 ہزار کا کوٹہ واپس  کیا جائے  گا۔‘

یہ بھی پڑھیے: غزہ میں اسرائیلی بمباری، مزید دو صحافی جاں بحق
یاد رہے کہ اس سال حکومت نے  سفرحج کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا ہے۔
عازمین کو اب مدینہ منورہ میں چار سے آٹھ دن کی مدت کیلئے اپنی رہائش کا انتخاب کرنے کی سہولت ہوگی۔ 
ہرعازم کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ایک بیگ ملے گا جس میں پاکستانی پرچم، شناخت کیلئے کیو آر کوڈ اور متعلقہ معلومات ہوں گی جبکہ خصوصی موبائل ایپ سےعازمین حج کیلئے تمام معلومات ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی۔
’عازمین اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔‘
واضح رہے کہ نگراں وزیر برائے مذہبی اُمور انیق احمد حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے سنیچر کی رات سعودی عرب پہنچے تھے۔
اس دورے میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سیکریٹری ڈاکٹر عطاالرحمن اورجوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدر یلدرم بھی وزیر کے ہمراہ ہیں۔ وفاقی وزیر سعودی وزارت حج  کے زیر اہتمام جدہ میں بین الاقوامی حج کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔