پتنگ بازی آڈیننس کالعدم قرار دینے کی درخواست میں ڈی جی والڈ سٹی کو فریق بنانے کیلئے مہلت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور ہائی کورٹ میں پتنگ بازی آرڈیننس 2025 کالعدم قرار دینے کےلئے درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے ڈی جی والڈ سٹی کو فریق بنانے کے لئے درخواست گزار کو مہلت دے دی۔
عدالت نے کہا کہ بسنت منانے کی سفارشات توڈی جی والڈ سٹی کی تھیں، بنیادی طور پر ڈی جی والڈ سٹی کو فریق بنایا جانا ضروری ہے۔
وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اپنایا کہ یہ اہم اورانسانی جانوں کےتحفظ کا معاملہ ہے اسے جلد سماعت ہونا چاہئیے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اپنی انرجی بچا کر رکھیں اور فریق بنا کر دلائل دیں، سرکاری وکیل کے تاخیر سے پیش ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔
مزید پڑھیں:محکمہ خزانہ پنجاب کاسیپ سسٹم بند، آن لائن ادائیگیاں رک گئیں
عدالت نے کیس کی سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی، جسٹس محمد اویس خالدنے سماعت کی۔
درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کےسربراہ اظہر صدیق نے کہا کہ حکومت آرڈیننس سےعوامی جان و مال کو خطرے میں ڈال رہی ہے، ماضی میں دھاتی ڈور اور کیمیکل ڈور سے ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
2001 اور 2024 کے قوانین کے باوجود ہلاکتیں نہ رک سکیں، نیا ریگولیٹری آرڈیننس عوامی مفاد کے خلاف ہے، پتنگ بازی آرڈیننس مزید جانی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
ہلاکتوں کے اعدادوشمار، ایف آئی آرز اور نفاذ سے متعلق تفصیلات سامنے لائی جائیں۔
موقف اپنایا کہ پتنگ بازی کی بحالی سے ہونے والا ہر جانی نقصان حکومت پر عائد ہونا چاہئیے، عدالت ترمیمی آرڈیننس واپس لینے کے احکامات صادر کرے۔