انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈمیں پاکستانی ٹیم نے ایک گولڈ ، دو سلور میڈل حاصل کر لیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2026 میں پاکستانی ٹیم نے ایک گولڈ میڈل اور دو چاندی کے تمغے حاصل کر لیے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) کی جانب سے منتخب کی گئی اور تربیت کی گئی ٹیم کے ارکان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں 2 اگست سے 8 اگست 2026ء تک منعقد ہونے والے تیسرے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (INSO-2026) میں اچھی پرفارمنس دکھائی جس کے نتیجہ مین انہیں ایک گولڈ میڈل اور دو چاندی کے تمغے ملے۔
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی معاونت سے ہونے والے اس اولمپیاڈ میں 19 ملکوں سے 120 طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی، جن میں چین، جاپان، روس، ترکیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور مملکتِ سعودی عرب شامل تھے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU)، لاہور کے سٹوڈنٹ محمد علی نے گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ ایف جی سر سید کالج، دی مال، راولپنڈی کے محمد عثمان اور نکسر کالج، کراچی کی سیرت فاطمہ بھٹی نے چاندی کے تمغے حاصل کیے۔

لاہور کے نواحی گاؤں سندر میں قائم سندر STEM سکول کے شجاع حیدر نے بھی اس اولمپیاڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
سٹوڈنتس کی سلیکشن پاکستان نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (PANSO) کے ذریعے ہوئی تھی جو PAEC کا ایک اہم اقدام ہے۔ انتخاب کا عمل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، PAEC ہیڈکوارٹرز، اور PIEAS نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔
ان سٹوڈنتس نے اولمپیاڈ کے لئے سلیکٹ ہونے کے بعد PIEAS کے ممتاز اساتذہ اور ماہرین کی زیرِ نگرانی خصوصی تربیت حاصل کی۔
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ ثانوی سطح کے طلبہ کے لیے جوہری سائنس کے شعبے میں ایک ممتاز بین الاقوامی مقابلہ ہے۔ اس کا مقصد سائنسی مہارت، علم کے تبادلے اور جوہری سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ اولمپیاڈ نوجوان طلبہ کو جوہری سائنس اور اس کے پُرامن استعمال کے بارے میں اپنی علمی صلاحیت اور فہم کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ٹیم کی یہ شاندار کامیابی نوجوان سائنسی صلاحیتوں کے فروغ اور طلبہ کو جوہری سائنس و ٹیکنالوجی میں تعلیم اور پیشہ ورانہ کیریئر اختیار کرنے کی ترغیب دینے کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: آبنائے ہرمز میں بحری جہاز پر میزائل کا حملہ