’’ کڑھی‘‘ کی ایسی شاندار ترکیب جس کا ذائقہ صرف زبان نہیں، دل بھی یاد رکھتا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کڑھی برصغیر کے ان روایتی کھانوں میں سے ایک ہے جو سادہ اجزا سے تیار ہو کر نسل در نسل ہماری دسترخوان کی روایت کا حصہ بنتی رہی ہے، ایک روایت کے مطابق پرانی کڑھی میں آج کے بیسن کے بجائے مکئی کا آٹا بھی استعمال ہوتا تھا، مکھن نکالنے کے بعد بچنے والی چھاچھ سے کڑھی بنائی جاتی تھی بعد میں بیسن کا استعمال زیادہ عام ہوگیا۔
عام طور پر کڑھی کی ابتدا راجستھان، بھارت سے منسوب کی جاتی ہے، بعد میں یہ گجرات، سندھ، پنجاب اور برصغیر کے دوسرے علاقوں میں مختلف شکلوں میں پھیل گئی، وقت کے ساتھ اس میں پکوڑوں، مختلف مصالحوں اور علاقائی طریقوں کا اضافہ ہوا، اور یوں کڑھی کی کئی مزیدار اقسام وجود میں آئیں۔
آج ہم مقبول اور روایتی کڑھی کو ایک آسان اور مزیدار طریقے سے تیار کریں گے۔
(تین سے چارافراد کیلئے)
اجزاء:دہی 1 کپ، بیسن ½ کپ، پانی 4 کپ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی ½ چائے کا چمچ، لال مرچ 1 چائے کا چمچ، اور تیل۔
ترکیب:دہی، بیسن، ہلدی، لال مرچ اور پانی کو اچھی طرح پھینٹ لیں۔
ایک برتن میں تیل گرم کرکے اس آمیزے کو ڈالیں اور مسلسل چلاتے ہوئے اُبال آنے دیں۔
پھر ہلکی آنچ پر تقریباً 20 سے 25 منٹ پکائیں۔
دوسری طرف بیسن کے چھوٹے پکوڑے بنا کر سنہری تل لیں۔
تیار کڑھی میں پکوڑے ڈال کر مزید 5 منٹ پکائیں۔
آخر میں گرم تیل میں زیرہ، لہسن اور خشک لال مرچ کا تڑکا لگا کر کڑھی پر ڈال دیں۔
مزیدار پکوڑوں والی کڑھی تیار ہے۔