الیکشن کمیشن: سیاسی جماعتوں کو 29 اگست تک مالی گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ مالی سال 25-2024 کے اپنے آڈٹ شدہ مالی گوشوارے 29 اگست 2025 تک کمیشن میں جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ ہدایت الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعات 204 اور 210 اور الیکشن رولز 2017 کے قواعد 159 اور 160 کے تحت جاری کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:لوکل گورنمنٹ بل 2025ء منظور، نیا بلدیاتی نظام متعارف کروانے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن کے ایک اعلامیے کے مطابق سیاسی جماعتیں مالی سال کے اختتام کے 60 روز کے اندرفارم ڈی پر اپنے سالانہ آمدنی و اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع اور اثاثہ جات و واجبات کی تفصیلات پیش کرنے کی پابند ہیں۔
یہ گوشوارے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی تیار کردہ آڈٹ رپورٹ کے ساتھ ہوں گے، جس میں اس بات کی تصدیق ضروری ہے کہ جماعت کو ممنوعہ ذرائع سے فنڈز موصول نہیں ہوئے اور فراہم کردہ معلومات درست ہیں۔
کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ فارم ڈی اور فنڈز کے ذرائع کے لیے پروفارما الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد، چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر اور ای سی پی کی ویب سائٹ پر مفت دستیاب ہیں۔
فارم میں اووررائیٹنگ قبول نہیں کی جائے گی اورآڈیٹرکی آئی سی اے پی رکنیت یا سرٹیفیکیٹ کی تازہ ترین تصدیق منسلک کرنا لازمی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ گوشواروں کے ساتھ یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 تک کے تمام بینک اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس بھی فراہم کرنا ہوں گے، یہ ریکارڈ صرف مجاز جماعتی عہدیدار کے ذریعے بذاتِ خود الیکشن کمیشن اسلام آباد میں جمع کرایا جا سکے گا۔
ڈاک، فیکس، کوریئریا دیگر ذرائع سے موصول ہونے والے گوشوارے قبول نہیں کیے جائیں گے۔