ملک بھر میں محرم کے جلوس،سکیورٹی کے سخت انتظامات

Aug 08, 2022 | 10:55:AM
ملک, 9 محرم , جلوس،سکیورٹی , انتظامات, شبیہ ذوالجناح , موبائل فون , پولیس، رینجرز
کیپشن: شبیہ ذوالجناح کا جلوس(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) 9محرم الحرام پر ملک کے مختلف شہروں میں آج جلوس نکالے جائیں گے، اس حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند ہے، حساس شہروں اور علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں 9 محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ پہنچ کرختم ہوگا،اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناءعشری سےبرآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس یہیں ختم ہوگا،گوجرانوالہ شہر میں 9 محرم الحرام کے موقع پر عزادارن کا مرکزی جلوس برآمد ہو گا، اس موقع پر موبائل فون سروس معطل ہے، علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

سکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کر کے آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

کراچی میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس حسب روایت نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، جو ایم اے جناح روڈ سے صدر کی ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر ختم ہوگا۔

اُدھر پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوگیا ہے، کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس میکانگی روڈ سے برآمد ہوگا۔

دوسری جانب لاہور میں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی نگرانی کیلئے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے، جلوسوں اور مجالس کو 650 کیمروں سے مانیٹر کیا جائے گا۔