پاک بحریہ کے جہاز سیف کا بیرون ملک تعیناتی کے دوران مالدیپ کا دورہ

Nov 07, 2025 | 22:22:PM
پاک بحریہ کے جہاز سیف کا بیرون ملک تعیناتی کے دوران مالدیپ کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)پاک بحریہ کے جہاز سیف نے بیرون ملک تعیناتی کے دوران مالدیپ کی بندرگاہ مالے کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ کے جہاز کا مالدیپ کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران مشن کمانڈر کموڈور محمد ذیشان نبی شیخ نے چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم ہلمی، کمانڈنٹ کوسٹ گارڈ مالدیپ میجر جنرل محمد سلیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہائی کمشن آف پاکستان کا دوہ بھی کیا اور ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) فیصل رسول لودھی سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بحری سرگرمیوں اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی طرف سے مالدیپ کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مالدیپ میں قیام کے دوران، میزبان ملک کے سرکاری حکام اور مختلف ممالک کے سفیروں نے جہاز کا دورہ کیا۔ جہاز کو عام عوام کے لیے کھول دیا گیا اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھی جہاز کا دورہ کیا۔

بندرگاہ کے دورے کے اختتام پر، پی این ایس سیف نے مالدیپ کوسٹ گارڈ کے جہازوں کے ساتھ بحری مشق کی۔ مشق کا مقصد دفاعی تعاون کو بڑھانا اور دونوں بحری افواج کے درمیان آپریشنل تعلقات کو تقویت دینا تھا۔

مالدیپ میں پاک بحریہ کے جہازوں کے باقاعدہ دورے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ دورے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

دیگر کیٹیگریز: دنیا
ٹیگز: