ہمت ہے تو آبنائے ہرمز میں بحری جہاز بھیج کر دکھائیں:پاسدارانِ انقلاب کا امریکہ کو دو ٹوک چیلنج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا میں ہمت ہے تو وہ آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے اپنے بحری جہاز تعینات کر کے دکھائے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ایک ترجمان نے بیان میں کہا کہ اگر امریکا آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے محفوظ گزارنے کا دعویٰ کرتا ہے تو اسے اپنے جنگی بحری جہاز بھیج کر عملی طور پر یہ ثابت کرنا ہوگا۔
ایران کی فوج نے بھی کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بدستور کھلی ہے تاہم اگر کوئی امریکی یا اسرائیلی جہاز اس سے گزرنے کی کوشش کرے گا تو اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر امریکی بحریہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرنا شروع کر سکتی ہے۔
امریکی صدر نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کیساتھ امریکی نیوی جائے گی۔ جہازوں کے انشورنس میں امریکی مالیاتی ادارہ مدد کرے گا۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل بردار بحری راستوں میں شمار ہوتا ہے کیونکہ مشرق وسطیٰ کے کئی تیل پیدا کرنے والے ممالک خصوصاً سعودی عرب، ایران، عراق، کویت، بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات کا برآمد شدہ تیل اسی راستے سے گزرتا ہے۔