عید کی خوشیاں، مریضوں کے سنگ،وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی کی گنگا رام ہسپتال آمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل مریضوں اور ڈاکٹروں کے ساتھ عید الضحٰی کی خوشیاں بانٹنے سر گنگا رام ہسپتال پہنچ گئے۔
وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے گزشتہ دو دہائیوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی عید الاضحٰی مریضوں اور ڈاکٹروں کے ہمراہ سر گنگا رام ہسپتال میں گزاری،اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سر گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر عارف افتخار، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف میڈیسن پروفیسر بلقیس شبیر، پروفیسر فرزانہ لطیف، مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ہیڈز، فیکلٹی ممبران اور ہسپتال انتظامیہ بھی وائس چانسلر کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے فیکلٹی کے ہمراہ ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ، سرجیکل وارڈ، اور مدر اینڈ چائلڈ بلاک کا دورہ کیا مریضوں کی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی مبارک باد دی۔

علاوہ ازیں انہوں نے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف میں تحائف اور عیدی بھی تقسیم کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ عید الضحٰی کا دن تمام مسلمانوں کے لئے ایک اجتماعی خوشی کا دن ہے، انہوں نے سر گنگا رام ہسپتال میں صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا اور اُن کا شکریہ ادا کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام اعتدال کے ساتھ گوشت کھائیں، ضرورت سے زیادہ گوشت کھانا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ عید کے اس خاص دن پر دکھی اور بیمار انسانیت کا دکھ بانٹا صدقہ جاریہ ہے، اُن کا کہنا تھا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر بیماروں کو یاد رکھیں، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ قربانی کا اصل مقصد اپنی ذاتی مفادات اور خواہشات کو قربان کر کے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے عید کے دِن ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر، نرسز اور پیرامیڈیکس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں جو پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں اُن کو بھی خراج تحسین اور عید قرباں کی مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی