وفاقی کابینہ اجلاس، وزیراعظم نے حج پالیسی 2027-2030 کی منظوری دیدی

Jul 07, 2026 | 17:40:PM
وفاقی کابینہ اجلاس، وزیراعظم نے حج پالیسی 2027-2030 کی منظوری دیدی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی اور پلان برائے 2027 سے 2030 کی منظوری دے دی ، اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کو حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ، وفاقی کابینہ نے رواں برس بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارت کی ٹیم کی تعریف کی.

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی حج پالیسی گزشتہ ایک سالہ حج پالیسیوں کے برعکس پہلی چار سالہ حج پالیسی اور پلان پر مشتمل ہے، اس حج پالیسی کے تحت طویل مدتی پلاننگ، آپریشنز میں بہتری اور حاجیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی.

 مجوزہ پالیسی کے نفاذ کیلئے SOPs اور دیگر ضوابط بنائے جائیں گے، پالیسی کو سعودی قوانین اور ضوابط سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس میں ضرورت کے مطابق ترامیم کی جا سکیں گی۔

مزید بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد سالانہ رجسٹریشنز کی بجائے 2030 تک کسی بھی سال کیلئے اپنی ضرورت کے مطابق بلاتعطل حج کی رجسٹریشن کروا سکیں گے،  اس کے نتیجے میں ترجیحی ویٹنگ لسٹ مرتب کی جائے گی.

اس کے  ساتھ ساتھ شرعی اصولوں کے مطابق سیونگ سکیم بھی متعارف کروائی جا رہی ہے جس کے تحت حج کے خواہاں لوگ مستقبل میں حج کیلئے سیونگ اسیکم سے مستفید ہو سکیں گے. 

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حج کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے جس میں ادائیگیاں بھی ڈیجیٹل نظام سے ہوں گی،اسکے علاوہ شکایات کا ڈیجیٹل نظام اور ڈیجیٹل نگرانی ہوگی. 

پالیسی کے تحت سرکاری اور پرائیوٹ حج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے. پالیسی کے تحت لانگ اور شارٹ حج پروگرام متعارف کروائے جار ہے ہیں جبکہ حجاج کرام کی ضروری تربیت اور تکافل و ہنگامی ریسپانس بھی پالیسی کا حصہ ہیں. 

کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری ایک شفاف نظام اور خالصتاً  میرٹ پر جائے، مزید برآں پرائیوٹ و سرکاری حج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے. 

 وفاقی کابینہ نے شہریوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں موجود آئیسولیشن ہاسپٹل اینڈ انفیکشئس ٹریٹمنٹ سینٹر (IHITC) اور ریجنل بلڈ سینٹر (RBC) کی سروسز کی آؤٹ سورسنگ کی پالیسی منظوری دے دی. فیصلے کے بعد وزارت قومی صحت ان اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ قوائد و ضوابط کے مطابق یقینی بنائے گی. 

وفاقی کابینہ کو وزیرِ ریلوے کی جانب سے پاکستان ریلوے کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو وزیر ریلوے نے بتایا کہ ریلوے کی آمدن 2024-25 میں 95 ارب بڑھ کر  گزشتہ مالی سال 2025-2026 میں 115 ارب روپے کو عبور کر گئی جو کہ 24.19 فیصد اضافہ ہے۔ 

فریٹ آمدن میں 8 ارب سے زائد، دیگر آمدن میں 7 ارب سے زائد، پراپرٹی و لینڈ آمدن میں 6 ارب سے زائد اور مسافروں کی آمدو رفت سے آمدن میں 3.37 فیصد کا اضافہ ہوا، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ریلوے آپریشنز میں بہتری کے ساتھ ساتھ فریٹ کارگو کی آمد و رفت کی بہتری یقینی بنائی گئی ہے. وفاقی کابینہ نے وزیرِ ریلوے حنیف عباسی اور انکی ٹیم کی تعریف کی. 

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی (CCLC) کے 19 مئی 2026 اور  اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے 2 جولائی 2026 کو منعقدہ اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی.

یہ بھی پڑھیں :گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا،فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک