فجیرہ حکومت اور اتحاد انرجی کا 10 سالہ پٹرول خریداری معاہدہ

Jul 07, 2026 | 12:14:PM
فجیرہ حکومت اور اتحاد انرجی کا 10 سالہ پٹرول خریداری معاہدہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اتحاد انرجی ہولڈنگ نے فجیرہ حکومت کے ساتھ 10 سالہ آف ٹیک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت کمپنی کی مجوزہ اتحاد ریفائنری میں تیار ہونے والی پٹرولیم مصنوعات، بالخصوص پٹرول (Gasoline)، کی خریداری کی جائے گی، یہ معاہدہ منصوبے کی کمرشل پیش رفت میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے اور فجیرہ کی علاقائی توانائی مرکز کے طور پر حیثیت کو مزید مضبوط کرے گا۔

دبئی فنانشل مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنی کے مطابق یہ معاہدہ ریفائنری کے فعال ہونے کے بعد تیار ہونے والے پٹرول اور دیگر ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کے لیے طویل مدتی فریم ورک فراہم کرے گا، معاہدہ 6 جولائی 2026 سے نافذ العمل ہو گیا ہے اور 10 سال تک جاری رہے گا۔

اتحاد انرجی کے مطابق منصوبے کے تحت نافتھا (Naphtha) کو یورو 5 معیار کے پٹرول اور دیگر ریفائنڈ مصنوعات میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے خطے میں صاف ستھرے ٹرانسپورٹ ایندھن کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، یہ منصوبہ کمپنی کے موجودہ اسٹوریج اور لاجسٹکس آپریشنز کو بھی مزید وسعت دے گا۔

ریفائنری اپنے آپریشنز کے لیے کمپنی کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے موجودہ اسٹوریج ٹینکس کو استعمال کرے گی۔

کمپنی نے ریفائنری منصوبے کے لیے انجینئرنگ اور ڈیزائن اسٹڈیز کا آغاز کر دیا ہے، جس کے لیے ہنی ویل یو او پی (Honeywell UOP) اور پی ای جی (PEG) کو مقرر کیا گیا ہے، منصوبے کی مجموعی لاگت کا اندازہ 300 سے 350 ملین ڈالر کے درمیان لگایا گیا ہے،کمرشل پیداوار شروع کرنے کی تاریخ انجینئرنگ اسٹڈیز مکمل ہونے اور حتمی سرمایہ کاری فیصلے (FID) کے بعد اعلان کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آٹے کا بحران..!تھیلا 1000 روپے مہنگا

اتحاد انرجی ہولڈنگ کا اندازہ ہے کہ تجارتی پیداوار شروع ہونے کے بعد یہ ریفائنری منصوبہ کمپنی اور اس کے شیئر ہولڈرز کے لیے کم از کم ایک ارب ڈالر کی طویل مدتی اضافی قدر پیدا کر سکتا ہے، تاہم یہ تخمینہ جاری مطالعات اور حتمی سرمایہ کاری فیصلے سے مشروط ہے۔

اتحاد انرجی ہولڈنگ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر سیف الحزائمہ نے کہا کہ یہ معاہدہ کمپنی کی مربوط توانائی انفراسٹرکچر پلیٹ فارم بنانے کی حکمت عملی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر دستخط اتحاد ریفائنری منصوبے کی پیش رفت میں ایک اہم سنگِ میل ہیں  ہمیں فجیرہ حکومت کے ساتھ تعاون پر فخر ہے، کیونکہ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کے توانائی شعبے کے اسٹریٹجک اہداف، ڈاؤن اسٹریم صنعتوں کے فروغ، اماراتی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور فجیرہ کو عالمی توانائی منڈیوں کے لیے ایک اہم گیٹ وے بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔"

کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ ریفائننگ، اسٹوریج، لاجسٹکس اور میری ٹائم انفراسٹرکچر کے شعبوں میں اپنی مربوط توانائی پلیٹ فارم کو وسعت دینے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔

مزید پڑھیں:ایل پی جی کی قیمتیں!چونکا دینے والی خبر سامنے آ گئی

اتحاد انرجی نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات کے طویل مدتی وژن کے مطابق ڈاؤن اسٹریم پیٹرولیم صنعتوں کو مضبوط بنانے، سپلائی چین کے تحفظ کو بہتر بنانے اور اسٹریٹجک توانائی سرمایہ کاری کے ذریعے پائیدار معاشی قدر پیدا کرنے میں مدد دے گا۔

فجیرہ دنیا کے بڑے آئل اسٹوریج اور بنکرنگ مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں توانائی کی تجارت کے علاقائی اور عالمی کردار کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری ہے۔