خیبرپختونخوا میں احساس اپنا گھرسکیم پر عملدرآمد کا آغاز، بلاسود قرضوں کی فراہمی شروع

Jul 07, 2025 | 17:07:PM
خیبرپختونخوا میں احساس اپنا گھرسکیم پر عملدرآمد کا آغاز، بلاسود قرضوں کی فراہمی شروع
کیپشن: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور احساس اپنا گھرسکیم کے کامیاب درخواست دہندگان کو بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کرتے ہوئے
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک رحمان) خیبرپختونخوا میں احساس اپنا گھر سکیم پر عملدرآمد کا با قاعدہ آغاز ہوگیا اورسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی بھی شروع کردی گئی۔

وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے احساس اپنا گھر  سکیم کے تحت کم آمدن والے لوگوں کو گھر بنانے کے لئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل شروع کردیا،قرضوں کے چیکس تقسیم کرنے کے لئے وزیر اعلی ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،  علی امین گنڈاپور بحیثیت مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے،وزیر اعلی نے کامیاب درخواست دہندگان کو بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کئے۔

 سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے 4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،سکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کےلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں،سکیم کے تحت 18سال سے 65 سال کی عمر تک کے وہ افراد قرض لینے کے اہل ہیں جن کی ماہانہ آمدنی ڈیڑھ لاکھ    روپے سے کم ہو،سکیم کے تحت درخواست گزاروں کو 15 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے دئیے جارہے۔

 یہ قرضے7سال کی مدت میں آسان قسطوں میں     واپس کرنے ہوں گے،سکیم کے تحت ریوالونگ فنڈ سسٹم کے ذریعے آئندہ سالوں میں بھی قرضے فراہم کئے جائیں گے،سکیم کے پہلے مرحلے کےلئے ایک لاکھ 23 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں  جن میں سے 18 ہزار 555  سکیم کی     شرائط پر پورا اتری ہیں،سکیم کے تحت آبادی کے تناسب کی بنیاد پر صوبے کے تمام اضلاع میں قرضے دئیے جار ہے ہیں۔ 

وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ احساس اپنا گھر سکیم صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ اور غریب پرور منصوبہ ہے، یہ  سکیم کم آمدنی والے لوگوں کو اپنا چھت فراہم کرنے کے لئے عمران خان کے وژن کے حصہ ہے۔

وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ سکیم کے عملی اجراءکو ممکن بنانے پر محکمہ ہاوسنگ اور بینک آف خیبرکے حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صوبے کے عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ صوبے کے معاشی مسائل بہت حد تک حل ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی انتھک کوششوں سے صوبہ اب معاشی طور پر اپنے پاوں پر کھڑا ہوگیا ہے، ہم مزید اپنے وسائل بڑھائیں گے اور اپنے لوگوں پر خرچ کریں گے، ہم ہر سیکٹر میں لوگوں کو سہولیات فراہم کریں گے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے، عنقریب ہم مستحق گھرانوں کو سولر سسٹم کی فراہمی کے منصوبے کا بھی اجراء کر رہے ہیں۔

وزیر اعلی  نے کہا کہ احساس اپنا گھر اور سولر  سکیم میں سو فیصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا یے، میں عوام کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس سلسلے میں کسی سیاسی سفارش کا سہارا نہیں لیا، میں پارلیمنٹیرینز کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس سلسلے میں تعاون کیا،علی امین نے کہا کہ سفارشی کلچر کی وجہ سے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، ہم نے عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے سفارش کلچر کا خاتمہ کرنا ہے، ہم صوبے کے عوام کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ن لیگ کو خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی مزید دو مخصوص نشستیں ملیں گی