بی آئی ایس پی 2026 میں اندراج کیسے کرائیں؟ آسان طریقہ جانیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مستحق خاندانوں کی مالی مدد کے منصوبے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 2026 کیلئے ڈائنامک سروے رجسٹریشن جاری کر دی گئی ہے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی حکومت کا ایک فلاحی منصوبہ ہے، جس کے تحت ملک بھر کے مستحق خاندانوں کی مالی مدد کی جاتی ہے،اس کا مقصد ملک میں غربت میں کمی لانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت 2026 میں ادائیگیوں کے لیے ڈائنامک سروے کیا جا رہا ہے، جس میں مستحق خاندان اپنی رجسٹریشن کرا کے طریقہ کار کے تحت رقم حاصل کر سکتے ہیں۔
درخواست گزار کسی بھی قریبی بی آئی ایس پی آفس میں رجسٹریشن ڈیسک پر جائیں اور وہاں موجود عملے کو اپنا قومی شناختی کارڈ اور بچوں کا ب فارم پیش کریں،مطلوبہ دستاویز جمع کرانے کے بعد عملہ ڈائنامک سروے کے لیے ایک ٹوکن جاری کرے گا۔ نمبر آنے پر آپ رجسٹریشن روم میں جائیں ۔
ڈیٹا انٹری آپریٹر سماجی اور معاشی حیثیت سے متعلق سوالات پوچھے گا اور فارم کی تکمیل کے بعد اس پر درخواست گزار کے انگوٹھے کا نشان لگایا جائے گا۔
درخواست دہندہ کو 8171 سے تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔ اور تصدیق کے بعد، مستحق خاندان کو 8171 کے ذریعے اہلیت کا SMS بھی ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 2026 کی ’’شاندار پیشکش‘‘ حیران کن فیچرزوالی نئی گاڑی آ گئی
8171 پر پیغام موصول ہونے کے بعد، درخواست دہندہ مقررہ تاریخ پر رجسٹریشن آفس تشریف لائیں۔ اس موقع پر وہ اپنا بجلی کا بل اور موبائل فون لے کر آئیں تاکہ کسی تاخیر سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت چلائی جانے والی بینظیر تعلیمی وظائف اسکیم کے ذریعے مستحق خاندانوں کے بچوں کو سکول بھیجنے کی ترغیب دی جاتی ہے،یہ پروگرام خاص طور پر بی آئی ایس پی کے مستفید خاندانوں کے بچوں میں پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے اور اسکول میں داخلے کی شرح بڑھانے کے لیے بنایا گیا ہے۔

حال ہی میں بی آئی ایس پی نے تعلیمی وظائف اسکیم میں بچوں کی رجسٹریشن کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں، یہ وظائف صرف فعال بی آئی ایس پی کفالت مستفیدین کے بچوں کے لیے دستیاب ہیں، تصدیق کے بعد بچوں کے نام تعلیمی وظائف کی فہرست میں شامل کیے جاتے ہیں اور سکول حاضری کی شرط پوری ہونے پر وظائف جاری کیے جاتے ہیں۔
’’رجسٹریشن کا طریقہ کار‘‘
والدین اپنے بچوں کو قریبی بی آئی ایس پی تحصیل آفس لے کر جائیں۔
بچوں کے نادرا ب فارم ساتھ لائیں۔
بی آئی ایس پی افسر سے انرولمنٹ سلپ حاصل کریں۔
یہ سلپ بچے کے سکول سے بھروا کر واپس بی آئی ایس پی آفس میں جمع کروائیں۔
تصدیق کے بعد سہ ماہی وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔
اسٹائپنڈ کی رقوم (سہ ماہی):
پرائمری سکول کے لڑکوں کے لیے: 2,500 روپے
پرائمری سکول کی لڑکیوں کے لیے: 3,000 روپے
سیکنڈری کلاسز کے لڑکوں کے لیے: 3,500 روپے
سیکنڈری کلاسز کی لڑکیوں کے لیے: 4,000 روپے
ہائر سیکنڈری کے لڑکوں کے لیے: 4,500 روپے
ہائر سیکنڈری کی لڑکیوں کے لیے: 5,000 روپے
پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی لڑکیوں کو بونس: 3,000 روپے
اہلیت کے معیار (عمر کی حد)
پرائمری تعلیم کے لیے انرولمنٹ: 4 سے 12 سال
سیکنڈری تعلیم کے لیے انرولمنٹ: 8 سے 18 سال
ہائر سیکنڈری تعلیم کے لیے انرولمنٹ: 13 سے 22 سال
یہ پروگرام غریب خاندانوں کے بچوں کی تعلیم کو یقینی بنانے اور اسکول ڈراپ آؤٹ کی شرح کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، بی آئی ایس پی کی جانب سے والدین سے اپیل ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے بچوں کی رجسٹریشن کروائیں تاکہ وہ اس مالی امداد سے مستفید ہو سکیں۔
خیال رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بے نظیر ہنرمند، بے نظیر ناشونوما، بے نظیر کفالت اور بینظیر تعلیمی وظائف جیسے عوامی فلاحی پروگرام جاری ہیں۔