لاہور کسی کاروباری شخص یا کھلاڑی کا نہیں بھٹو کا ہے، بلاول

Jan 07, 2024 | 18:48:PM
لاہور کسی کاروباری شخص یا کھلاڑی کا نہیں، ذوالفقار علی بھٹو کا ہے، بلاول بھٹو
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کلیم اختر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ لاہور کسی شخص یا کھلاڑی کا نہیں بلکہ ذوالفقار علی بھٹو کا ہے۔ یہ قائد عوام، بے نظیر بھٹو اور جیالوں کو شہید کرکے ہمیں ڈراسکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ ہمیں کسی پٹواری کی کوئی ضرورت نہیں صرف آپ کا ساتھ چاہیئے۔

لاہور کوٹ لکھپت میں الیکشن آفس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ پوچھتے ہیں کہ ہم کیوں آئے ہیں؟ یہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا لاہور ہے۔ آپ تو جنرل ضیاء کی وجہ سے پنجاب پر مسلط ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم الیکشن لڑنے کیلئے کہیں اور نہیں دیکھ رہے، ہم عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں، لاہور میں ان کا مقابلہ کریں گے، انہیں گھر میں گھس کر ماریں گے۔ نفرت کی سیاست کو دفن  کرکے ملک کی خوشحالی کا سوچنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے، لاہور والوں کو لندن جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کچی آبادی والے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔ ہمارا آپ سے وعدہ ہے کہ سرکاری لوگوں کی تنخواہ ڈبل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ میرے سفیر ہیں اور میری آواز ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کی طرح میں بھی لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں، اپنے شہر لاہور آیا ہوں ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید نے یہاں سے الیکشن لڑا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری کا مل کر مقابلہ کریں گے، پنجاب کے ہر ضلع میں مفت علاج کے ادارے بنائیں گے، سولر کی صورت میں 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 8 فروری کو تیر کے نشان پر ٹھپہ لگائیں اور پرانے سیاستدانوں کو ہمیشہ کیلئے الوداع کہہ دیں۔ کارکن میرا یہ پیغام گھر گھر پہنچائیں۔