لبنان کی آرمی کے سربراہ پاکستان کے دورہ پر روانہ ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) لبنان کی آرمی کے سربراہ روڈولف ہیکل سرکاری دورے پر پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
روئٹرز نیوزایجنسی کے مطابق لبنانی فوج کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لبنان آرمی کے چیف روڈولف ہیکل فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
لبنانی فوج نے ابھی اس دورے کے دورانیے اور ایجنڈے کے بارے میں کوئی باضابطہ معلومات جاری نہیں کیں۔
لبنان کے آرمی چیف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے اور جنگ بندی کو مستقل بنانے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور گزشتہ روز ہی لبنان اور اسرائیل نے براہ راست مذاکرات کے بعد واشنگٹن میں جنگ بندی کا ایگریمنٹ کیا جسے حزب اللہ نے تسلیم نہیں کیا۔
اسی دوران فرانس کی نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہےکہ یہ دورہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری وسیع تر مذاکرات اور پاکستان کی ثالثی کی کوششوں سے متعلق ہے اور لبنان ان مذاکرات کا ایک نہایت اہم حصہ بننے جا رہا ہے۔
ایران کا اصرار ہے کہ امریکہ کے ساتھ علاقائی جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے کسی بھی معاہدے میں لبنان کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
تاہم گزشتہ روز امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں لبنان کے صدر جوزف عون نے ایران کی قیادت پر سخت تنقید کی اور کہا تھا کہ ایران لبنان کو سودے بازی کے لیے استعمال کر رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔
جوزف عون نے ایران کی قیادت کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ یہ (لبنان) تمہارا نہیں ہمارا ملک ہے، اس کے ذمہ دار ہم ہیں۔ ایران کو لبنان کے معاملات میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔ یہ بات ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کو بھی سمجھنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ کو سمجھنا ہوگا کہ بیٹھ کر بات چیت کرنےکے سوا کوئی حل نہیں ہے۔