صدر مملکت، وزیراعظم،چاروں وزرائے اعلیٰ کی عیدالاضحیٰ پر پاکستانی قوم کو مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف سمیت چاروں وزرائے اعلیٰ نے عیدالاضحیٰ کی آمد پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ با برکت ایام ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت، ایثار اور قربانی کی یاد دلاتے ہیں۔ ان عظیم ہستیوں کی اطاعت و قربانی کو رب ذوالجلال نے اس قدر پسند فرمایا کہ اسے تا قیامت امت محمدی ﷺ کے لیے عبادت کا درجہ عطا فرما دیا۔
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہباز شریف کا عید الاضحی 1446ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ میں عید الاضحی اور عظیم الشان اسلامی عبادت حج کے بابرکت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عید الاضحی پر خصوصی پیغام میں کہا کہ اُمت مسلمہ بالخصوص تمام پاکستانیوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد،عیدالاضحی کے مبارک موقع پر دل کی گہرائیوں سے اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر بجا لاتے ہیں، خوشی ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کی بے مثال کامیابی کے بعد عید الاضحی کی خوشیاں بھی نصیب ہوئیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا دن ہمیں عظیم قربانی کا درس دیتا ہے، اس موقع پر ہمیں تمام غربا، مسکین کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچ عوام اور پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے ڈھیروں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید قربان ہمیں ایثار اور محبت کا درس دیتی ہے، ہمیں اس کی اصل روح کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔