گروپ کیپٹن قتل کیس: ملزم سعد عباسی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

Jul 06, 2026 | 18:42:PM
گروپ کیپٹن قتل کیس: ملزم سعد عباسی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر احسن ) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کو شناختی پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا, عدالت نے اس حوالے سے تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ ملزم سعد عباسی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا اور اسے چہرہ ڈھانپ کر پولیس حراست میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین اور تفتیشی افسر اختر حسین مقدمے کا ریکارڈ لے کر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے ملزم کی شناختی پریڈ کرانے کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

عدالت نے حکم نامے میں قرار دیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزم پر ایک سنگین جرم کا الزام ہے، جس کے نتیجے میں مسلح افواج کے ایک اہلکار کی جان گئی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ملزم سعد عباسی کو 20 جولائی 2026 کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ مزید برآں جیل حکام کو شناختی پریڈ مکمل ہونے تک ملزم کا سر، چہرہ یا حلیہ تبدیل نہ ہونے دینے اور اس کی شناخت مخفی رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ اگر مقررہ مدت میں شناختی پریڈ نہ ہو سکے تو آئندہ پیشی پر ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بجائے صرف روبکار عدالت کے سامنے پیش کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان سے ملاقات کا دن، فہرست جیل حکام کو ارسال