فساد پھیلانے والوں کیلئےکوئی رعایت نہیں:ایرانی  چیف جسٹس ،مظاہرے78شہروں تک پھیل گئے

Jan 06, 2026 | 08:33:AM
فساد پھیلانے والوں کیلئےکوئی رعایت نہیں:ایرانی  چیف جسٹس ،مظاہرے78شہروں تک پھیل گئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ایرانی چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے واضح کیا ہے کہ ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ اب کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

خبر رساں ادارے میزان کے مطابق چیف جسٹس نے  عدالتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےاٹارنی جنرل اور  تمام صوبوں کے پراسیکیوٹرز  کو قانون کے مطابق اور سختی کے ساتھ شرپسندوں اور  ان کے حامیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس نےملک میں حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر  ہمارے ملک میں بدامنی پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں،انہوں نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران احتجاج کرنے والے شہریوں اور تخریب کار عناصر کے درمیان واضح فرق کا قائل ہے۔

ایرانی چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عوام و قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کو قانون کے مطابق فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے وینز ویلا میں کارروائیوں کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا

ایران میں جاری احتجاجی مظاہرے 26 صوبوں کے 78 شہروں تک پھیل گئے ہیں جہاں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کی جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی۔

انسانی حقوق پر نظر  رکھنے والے خبر  رساں ادارے ایچ آر اے این اے (HRANA) نے اپنی رپورٹ میں  بتایا کہ فائرنگ کے واقعات میں 50 سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایرانی سکیورٹی فورسز  نے  990 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایچ آر اے این اے کے مطابق  احتجاجی مظاہرے سخت سکیورٹی اقدامات اور  پولیس و دیگر سکیورٹی اداروں کی اضافی تعیناتی کے باوجود مسلسل پھیل رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران میں جاری احتجاج مظاہرے نویں روز میں داخل ہوگئے ہیں  جبکہ  جامعات کے طلبہ بھی احتجاجی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں۔

ایچ آر اے این اے کا کہنا ہے کہ مظاہروں کو  کم کرنے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز نے فائرنگ، آنسو گیس کا استعمال اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں تاکہ احتجاج کے دائرہ کار کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

مزید پڑھیں:بس اب بہت ہوچکا!گرین لینڈ کے وزیراعظم کا ٹرمپ کو دوٹوک جواب

ادھر حکومت نے احتجاج کا دباؤ کم کرنے کے لیے عوام کو آئندہ 4 ماہ تک 7 ڈالر ماہانہ الاؤنس دینے کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر  محمد باقر قلیباف نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے جائز مطالبات ضرور ماننے چاہیے،  انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایجنٹوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔