آج کی ڈش :ڈرائی چکن چلی چائنیز رائس

Dec 06, 2025 | 15:22:PM
آج کی ڈش :ڈرائی چکن چلی چائنیز رائس
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آج ہم آپ کو ڈرائی چکن چلی چائنیز رائس بنانے کی آسان ترکیب بتا رہے ہیں ملاحظہ کیجئے۔

ڈرائی چکن چلی چائنیز رائس بنانے کیلئے درکار اجزا:
 چکن ڈیڑھ کلو، ہری مرچ (بڑی) 12عدد، لہسن (پسا ہوا) ایک بڑا چمچہ، سرکہ ایک بڑا چمچہ، کالی مرچ آدھا چھوٹا چمچہ، تیل3 بڑے چمچے، سویا سوس ایک بڑا چمچہ،  نمک حسب ِ ذائقہ۔

چائنیز رائس کیلئے درکار اجزا:

 چاول 2؍ کپ، تیل تھوڑا سا، گاجر، شملہ مرچ اور ہری پیاز حسب ِ ضرورت، کالی مرچ ایک چھوٹا چمچہ، نمک ڈیڑھ چھوٹے چمچے۔

ڈرائی چکن چلی بنانے کا طریقہ:
 سب سے پہلے گوشت کو ہڈی سے الگ کرکے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور انہیں ایک ساتھ رکھ کر بڑی چھری سے کچل لیں، پھر سرکہ اور سویا سوس لگا کر بیس منٹ کے لئے رکھ دیں، ساتھ ہی ہری مرچ کو بھی درمیان سے لمبے لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں، ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پسا ہوا لہسن، چکن، کالی مرچ، نمک ڈال کر اچھی طرح فرائی کر لیں۔ اب فرائنگ پین میں ایک چمچہ تیل ڈال کر مرچوں کو ہلکا فرائی کر لیں، ان میں تھوڑا سرکہ، سویا سوس اور اجینو موتو ڈال دیں، پھر انہیں فرائی کئے ہوئے چکن کے اوپر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں، لیجئے مزیدار ڈرائی چکن چلی تیار ہے۔

چائنیز رائس بنانےکا طریقہ:

سب سے پہلے چاول کو چکن کی یخنی میں تین کنی اُبال لیں، پھر اسے الگ رکھ دیں۔ اب تمام سبزیوں کو باریک کاٹ لیں پھر ایک کڑاہی میں تھوڑا سا تیل، کٹی ہوئی سبزیاں اور چاول ڈال کر فرائی کریں، اسی دوران اس میں چائنیز نمک اور کالی مرچ ڈالیں، تیار ہونے پر چائنیز رائس کو چکن چلی کے ساتھ پیش کریں۔