خیبر پختونخوا میں پھرزلزلے کے جھٹکے،طاقتور آفٹر شاکس نے افغانستان کو ہلا ڈالا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) خیبر پختونخوا میں صبح سویرے پھرزلزلہ، پشاور ، ہنگو ، سوات ، مالاکنڈ اور چترال میں زلزلے کے جھٹکے صبح 6:30 پر محسوس کئے گئے جبکہ زلزلے کے بعد طاقتور آفٹر شاکس نے افغانستان کو ہلا ڈالا ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پھر زلزلے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی ،زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر زیر زمین تھی، زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرق میں تھا۔
افغانستان میں زلزلہ کے بعد طاقتور آفٹر شاکس
دوسری جانب مشرقی افغانستان میں رواں ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 2200 اموات کے بعد خطرناک آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، جمعے کی رات آنے والے متعدد آفٹر شاکس سے مزید اموات اور تباہی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
12 گھنٹے کے دوران دو طاقتور جھٹکوں نے مشرقی افغانستان کو ہلاکر رکھ دیا، جس سے مزید اموات اور تباہی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، 4 روز قبل آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد تقریباً 2200 تک جاپہنچی ہے۔
جی ایف زیڈ کے مطابق جمعہ کو جنوب مشرقی افغانستان آنے والے زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔
افغانستان کے جنوب مشرقی علاقوں میں گزشتہ رات ایک اور شدید زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ گزشتہ چار دنوں کے دوران اس خطے میں آنے والا تیسرا زلزلہ ہے۔
جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز کے مطابق تازہ زلزلے کی شدت 6.2 تھی اور اس کا مرکز پاکستان کی سرحد کے قریب شیوہ ضلع میں واقع تھا۔ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر (چھ میل) ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے بعد ابتدائی اطلاعات کے مطابق برکش کوٹ کے علاقے میں نقصان کی اطلاع ملی ہے، تاہم متاثرہ علاقوں سے تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبوں میں کنڑ اور ننگرہار شامل ہیں، جہاں ہزاروں مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔
طالبان انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 4 دنوں میں آنے والے ان 3 زلزلوں میں اب تک 2,205 افراد جاں بحق اور کم از کم 3,640 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔