میو ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی ، اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) میو ہسپتال لاہور میں بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کے الزام پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع کرا دی گئی،تحریک التواء کار اپوزیشن رکن فرخ جاوید مون نے جمع کروائی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق میو ہسپتال لاہور میں بنیادی سہولیات کی سنگین کمی اور انتظامی خامیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں ٹوکن پرچی ملنے کے باوجود ہزاروں مریضوں کا علاج مکمل نہ ہو سکا، یہ تفصیلات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں سامنے آئی ہیں، رپورٹ کے مطابق 9 اپریل مجموعی طور پر 6085 ٹوکن جاری کئےگئے تاہم صرف 3639 مریضوں کا چیک اپ سسٹم میں ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح 10 اپریل کو 4094 ٹوکن جاری ہوئے لیکن 1772 مریضوں کا سٹیٹس سسٹم میں ان پراسیس ہی رہا۔
قرارداد کے مطابق رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ چیک اپ کرانے والے 64 فیصد مریضوں کو ادویات فراہم نہ کی جاسکیں، رپورٹ کے مطابق بجلی بریک ڈاؤن کی صورت میں ہسپتال کا یوپی ایس بیک اپ صرف 3 سے 4 منٹ تک محدود ہے، جو کہ ایک بڑے تدریسی ہسپتال کے لیے ناکافی ہے، سرجیکل او پی ڈی میں صرف دو کمپیوٹرز دستیاب ہونے کے باعث ڈاکٹرز تھرمل سلپس کے پیچھے نسخے لکھنے پر مجبور ہیں، جس کے بعد ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ہیں ،لہذا استدعا ہے کہ میری اس تحریک کو با ضابطہ قرار دے کر اس پر ایوان میں بحث کرنے کی اجازت دی جائے ۔
یہ بھی پڑھیں:عید الاضحیٰ پر کتنے دن کی چھٹیاں ملیں گی؟ بڑی خبر آ گئی