ایبٹ آباد میں برفباری کاسلسلہ تھم گیا، بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )ایبٹ آباد گلیات میں برفباری تھم گئی، آسمان پر بادل موجود،سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت برقرار ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں گزشتہ چند روز سے جاری رہنے والی برفباری کا سلسلہ تھم گیا ،گلیات میں سیاحوں کا رش بڑی تعداد میں سیاح موجود ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈوپلمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی کے مطابق ایبٹ آباد گلیات کے تمام روڈز کلیئر ہیں، 2دن میں 40 ہزار سیاحوں نے گلیات کا رخ کیا۔
ادھر کوئٹہ سمیت بالائی اضلاع میں شدید سرد موسم نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اگلے چند گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ اگلے 1 سے 3 گھنٹوں کے دوران مری گلیات اور گردونواح میں تیز ہواوں کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے، ہلکی برفباری بھی جاری رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برفباری کے باعث مری گلیات میں سڑکوں کے پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔
پنجاب، زیریں خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے متعدد اضلاع میں دھند چھائی رہی جس سے حدِ نگاہ میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں پارہ منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں منفی 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح زیارت میں بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری رہا جبکہ ژوب میں درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:کھیل میں سیاست،بڑے سیاسی ہنما کے بیان سے بھارت میں بھونچال آگیا
جنوبی اور وسطی اضلاع میں موسم نسبتاً کم سرد رہا۔ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری اور تربت میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
نوکنڈی میں پارہ 3 ڈگری جبکہ چمن میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
ساحلی علاقوں میں سردی کی شدت کم رہی محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری جبکہ جیوانی میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران سرد اور خشک موسم کے تسلسل کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔