راولپنڈی: بارش کے باعث چھت گرنے سےجواں سال لڑکی جاں بحق

Aug 05, 2025 | 17:40:PM
راولپنڈی: بارش کے باعث چھت گرنے سےجواں سال لڑکی جاں بحق
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 ںیوز)راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث چھت گرنے سے 17 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق منگل کی صبح راولپنڈی میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شدید بارش کے باعث چھت گرنے سے 17 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ اس کے خاندان کے تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ جون کے آخر سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا رکھی ہے، جن کے باعث تباہ کُن سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات اور لوگوں کی نقل مکانی کےواقعات سامنے آئے ہیں۔

شدید بارشوں اور سیلاب سے نشیبی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اور یہاں چھت گرنے کے واقعات خاص طور پر عام ہیں، کیونکہ بہت سے کچے مکانات شدید بارش کا دباؤ برداشت نہیں کر پاتے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق، چھت گرنے کا واقعہ تحصیل گوجر خان کے دولتالہ روڈ پر پیش آیا، متاثرہ خاندان کے ایک پڑوسی نے بتایا کہ رات تقریباً 1:30 بجے ان کے گھر کی اطراف کی دیواریں گر گئیں اور چھت ان کے اوپر آگری جبکہ سب سو رہے تھے۔

پڑوسی کے مطابق’ جیسے ہی اطلاع ملی، محلے کے تمام لوگ مدد کے لیے پہنچ گئے’ اور متاثرین کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا گیا، ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد صبغت اللہ نے بتایا کہ چھت گرنے سے ایک 17 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوئی اور اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔

ریسکیو 1122 نے تصدیق کی کہ بدقسمتی سے، تمام کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، اس کی موت کی بنیادی وجہ سر پر لگنے والی شدید چوٹ تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ اس کی والدہ اور دو بڑی بہنیں بھی زخمی ہوئیں جنہیں دولتالہ کے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، زخمیوں نے طبی امداد کے بعد واپس آ کر لڑکی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پڑوسی نے مزید بتایا کہ خاندان کا سربراہ ایک غریب حجام ہے جو گھر کا واحد کفیل ہے، اس بات کی دیگر پڑوسیوں نے بھی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متاثرہ خاندان کے لیے فوری امدادی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے گھر کی دوبارہ تعمیر کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں :قومی اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور