اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا

Apr 05, 2023 | 18:07:PM
اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے  ایک اور کامیابی اپنے نام کر لی ہے، عدالت نے انہیں کلیئر قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما  اسحاق ڈار نے لندن میں نجی ٹی وی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )رہنما فرخ حبیب کے جھوٹے الزامات پر چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگ لی اور تسلیم کیا کہ اسحاق ڈار ایمان دار اور بہترین ساکھ والے انسان ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چینل نے اظہارِ ندامت کرتے ہوئے عدالتی کارروائی شروع ہونے کے بعد اسحاق ڈار سے تصفیہ کر لیا، مذکورہ ٹی وی چینل پر فرخ حبیب نے اسحاق ڈار کی 2022ء میں وطن واپسی سے قبل منی لانڈرنگ، مجرمانہ سرگرمیوں، جعلی اکاؤنٹس کھولنے اور شاہد خاقان عباسی کے طیارے میں فرار کے الزامات لگائے، الزامات 25 اور 26 ستمبر 2022ء کو برطانیہ میں چینل اور اس کے یو ٹیوب چینل پر نشر ہوئے۔

فرخ حبیب نے الزام میں کہا کہ اسحاق ڈار مسلم لیگ کی حکومت کے دوران جمع کی گئی رقم اکٹھی کرنے آ رہے ہیں اور نواز شریف سے مل کر رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے واپس لے آئیں گے، یہ الزام بھی لگایا گیا کہ اسحاق ڈار جعلی اکاؤئنٹس کھولنے کے ماہر ہیں، ان تمام الزامات کے خلاف اسحاق ڈار نے برطانوی ہائیکورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا ، چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگتے ہوئے ان الزامات کو کبھی نہ دہرانے کی یقین دہانی کرائی اور برطانیہ میں اپنی نشریات میں معافی نامہ بھی چلایا۔

اس سے قبل اکتوبر 2021ء میں بھی ایک چینل نے اسحاق ڈار سے الزامات لگانے پر معافی مانگی تھی۔