پی ٹی آئی اور محمود اچکز ئی میں دراڑ ، ترجمان کارد عمل بھی آ گیا
معاملے پر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت ہو گی، مفروضوں پر مبنی بے بنیاد خبر کو یکسر مسترد کرتے ہیں: ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اورپی ٹی آئی میں دراڑ پڑگئی ،محمود اچکزئی ناراض ہو کر بلوچستان روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ تنازع قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر پیدا ہوا۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی اس بات پر ناراض ہوئے کہ حکمِ امتناع (اسٹے آرڈر) تک عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر برقرار رکھا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے اچکزئی سے کہا کہ وہ پریس کانفرنس میں بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کریں اور میڈیا کے سامنے یہ مؤقف اختیار کریں کہ اسٹے آرڈر تک وہ اپوزیشن لیڈر کا منصب قبول نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے یہ تجویز مسترد کردی اور ناراض ہو کر بلوچستان روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ چاہتے ہی نہیں کہ میں اپوزیشن لیڈر بنوں۔
رابطہ کرنے پر سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی نے اس خبر پر مؤقف دینے سے انکار کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:پن بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں بڑے اضافے کا امکان
علاوہ ازیں محمود اچکزئی اور پی ٹی آئی کے درمیان ناراضگی کی خبر کے معاملہ پرتحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کارد عمل بھی سامنے آ گیا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کے مطابق محمود اچکزئی سے متعلق نشر کی گئی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے، محمود اچکزئی نے خود بے بنیاد خبر کی تردید اور مذمت کی ہے، محمود اچکزئی سے متعلق نشر کی گئی خبر میں کوئی حقیقت نہیں،محمود اچکزئی معمول کی سیاسی سرگرمیوں کیلئے کوئٹہ میں موجود ہیں،محمود اچکزئی ایک دو روز میں اسلام آباد واپس آئیں گے،محمود اچکزئی نے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کیا ہے،معاملے پر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت ہو گی، مفروضوں پر مبنی بے بنیاد خبر کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
یاد رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود اچکزئی کی نامزدگی پر پارٹی کے اندر ہی اختلاف ہو گیا ہے جس کے بعد نہ صرف ان بلکہ اعظم سواتی کی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کو روک دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چند رہنماؤں نے محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر اعتراض کیا ہے، اعتراض کرنے والوں میں پی ٹی آئی سیاسی اور پارلیمانی کمیٹی کے چند ارکان ہیں۔
اختلاف کرنے والے اراکین کا موقف تھا کہ پارٹی میں اپوزیشن لیڈر کے منصب پر ذمہ داری نبھانے کے لیے کئی باصلاحیت رہنما موجود ہیں تاہم دوسری جانب کچھ ارکان بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کو حتمی قرار دینے کے حق میں ہیں۔