پنجاب میں گندم کو فیڈ ملز میں استعمال کرنے پر پابندی، دفعہ 144 نافذ

Oct 04, 2025 | 12:22:PM
پنجاب میں گندم کو فیڈ ملز میں استعمال کرنے پر پابندی، دفعہ 144 نافذ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قیصر کھوکھر)حکومتِ پنجاب نے انسانی استعمال کے لیے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں فیڈ ملز پر گندم کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

یہ فیصلہ گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکمنامے کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر عائد پابندی میں توسیع کر دی۔

گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کیلئے استعمال کی جائے گی  جبکہ فیڈ ملز پر 30 یوم تک گندم کے استعمال پر پابندی عائد رہے گی، پابندی کا اطلاق 2 نومبر تک ہوگا۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق صوبے میں فیڈ ملز کے پاس ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور یہ ذخیرہ مرغیوں کے دانے کے طور پر استعمال ہونے والا تھا۔

سیکرٹری پرائس کنٹرول کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام گندم کی ممکنہ قلت سے بچاؤ کیلئے ناگزیر قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی رہنماؤں کا امن منصوبہ سے متعلق حماس کے فیصلے کا خیر مقدم

اعلان میں کہا گیا کہ گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے اور اسے صرف آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی لگائی۔

حکمنامے کی تشہیر عوامی آگاہی کے لیے سرکاری گزٹ، اخبارات اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے کی جائے گی۔