سمندری طوفان’ ’ شکتی ‘‘ کراچی سے 360 کلومیٹر دور، آج بارش کا امکان

 سمندر میں طغیانی رہے گی، ماہی گیروں کو 5 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت

Oct 04, 2025 | 10:34:AM
سمندری طوفان’ ’ شکتی ‘‘ کراچی سے 360 کلومیٹر دور، آج بارش کا امکان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ڈیپ ڈپریشن طوفان میں تبدیل ہوگیا جس کا نام’ ’شکتی‘‘رکھا گیا ہے، ذرائع کے مطابق طوفان کیلئے شکتی نام سری لنکا کا تجویز کردہ ہے جس کا مطلب طاقت ہے۔
 سمندری طوفان’ ’شکتی‘‘ کے  24 گھنٹوں  کے دوران شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے اوربتایا جارہا ہے کہ طوفان کے مرکز میں ہوا کی رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی، سمندری  طوفان ’’ شکتی ‘‘ بحیرہ عرب میں 6 اکتوبر تک رہ سکتا ہے۔

بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان شکتی کے زیر اثر مکران کوسٹل ہائی وے میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس پڑے،مکران کوسٹل ہائی وے اور کنڈ ملیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’’شکتی‘‘ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران  شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے، طوفان کے باعث سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے جبکہ ہوا کی رفتار 100 سے 125 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب طوفان کے دوران سمندر میں طغیانی بھی رہے گی، ماہی گیروں کو 5 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔