چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نومنتخب سینٹریوسف رضا گیلانی سے ملاقات کرکے کامیابی پر مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سینٹ کی چیئرمین شپ کیلئے دوبارہ صادق سنجرانی کو نامزد کردیا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنی سیٹ کا دفاع کرنے کیلئے سینیٹرز سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔ صادق سنجرانی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو ٹیلی فون کیا۔ چوہدری پرویز الہٰی نے حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
چیئرمین سینٹ کا کہنا ہے کہ میں اور جام کمال اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پرویز الہیٰ نے یقین دلایا ہے کہ وہ خود چیئرمین سینٹ کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ صادق سنجرانی نے ممکنہ حریف یوسف رضا گیلانی سے بھی رابطہ کرکے سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سے ووٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ ان کے ساتھ کام کیا اور بہت کچھ سیکھا ہے۔ ضرورت پڑی تو میں پھر ان کے پاس آجائوں گا۔
چیئرمین سینٹ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے بھی ملاقات کی اور چیئرمین کے انتخاب کے دوران ووٹ دینے کی درخواست کی۔