وزیرپنجاب مریم اورنگزیب کی امریکی یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے امریکی قونصلیٹ لاہور کے زیرِ اہتمام حضوری باغ میں منعقدہ امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اس موقع پر پیش کی گئی خصوصی دستاویزی فلم بھی دیکھی۔
تقریب میں امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز، برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے بین وارنگٹن، یونیسیف پاکستان کے سربراہ رمیز بہدووز، ترکیہ کے قونصل جنرل، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے امریکی عوام اور حکومت کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور امن کے اصولوں پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سفارتی روابط کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں، جبکہ حالیہ عرصے میں پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا نے حالیہ دنوں میں سفارت کاری کی اہمیت کا عملی مظاہرہ دیکھا، اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ امریکہ جدت، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے، جبکہ امریکی نجی شعبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی بھرپور دلچسپی لے رہا ہے۔