مہوش حیات ہنی سنگھ کیساتھ کام کر کے مشکل میں پھنس گئیں

Jul 04, 2025 | 10:19:AM
مہوش حیات ہنی سنگھ کیساتھ کام کر کے مشکل میں پھنس گئیں
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)خوبرو اداکارہ مہوش حیات بھارتی گلوکار یویو ہنی سنگھ کی میوزک ویڈیو میں پرفارم کرکے  مشکل میں پھنس گئیں کیونکہ انکے خلاف برطانیہ میں شکایت دائر کردی گئی ہے۔
مہوش حیات نے یو یو ہنی سنگھ کے گانے’’جٹ محکمہ‘‘ کی ویڈیو میں پرفارم کیا تھا، جو نومبر 2024 میں ریلیز ہوئی تھی،چار منٹ دورانیے کی اس میوزک ویڈیو کی شوٹنگ برطانیہ میں ہوئی تھی جسے یوٹیوب پر 40 ملین سے زیادہ ویوز مل چکے ہیں۔
ریلیز کے 7 ماہ سے زائد عرصے بعد یہ ویڈیو اس وقت تنقید کی زد میں آگئی جب ناظرین نے اس کے اختتامی منظر کو متنازع قرار دیا جس میں مہوش حیات کو چار کم عمر بچوں کے ساتھ جعلی خودکار ہتھیاروں اور شاٹ گنز سے ایک گروپ پر فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔


سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ برطانوی حکام ممکنہ طور پر مہوش حیات پر برطانیہ آمد پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
برطانوی رکنِ پارلیمان مانویلا پرٹیگیلا نے اس ویڈیو پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی وزارت داخلہ کو باضابطہ شکایت جمع کروادی ہے جس میں کہاگیاہے کہ ویڈیو میں بچوں کو جعلی ہتھیاروں کے ساتھ تشدد کرتے دکھانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ ممکنہ طور پر بچوں کے تحفظ سے متعلق برطانوی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہو سکتی ہے۔


رکن پارلیمان کامزیدکہناہے کہ وزارت داخلہ کو لکھے خط میں اسٹریٹفورڈ اپان ایون کے رہائشی چاہتے ہیں کہ دونوں فنکاروں کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی لگائی جائے۔ 
برطانوی میڈیا کی بعض رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ اس وقت مہوش حیات اور یو یو ہنی سنگھ دونوں کے خلاف’’ایکسکلوژن آرڈر‘‘ جاری کرنے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت ان کی برطانیہ آمد پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
فی الحال برطانوی وزارت داخلہ ویسٹ مڈلینڈز پولیس یا کسی دیگر متعلقہ ادارے کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ یو یو ہنی سنگھ نے اس معاملے پر کوئی ردعمل ظاہر کیا ہے۔
 مہوش حیات خود اپنے اوپر برطانیہ میں پابندی لگائے جانے کی خبروں کی تردید کرچکی ہیں،چند روز قبل انہوں نے ایک خبر شیئر کر کے پابندی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا ۔


اداکارہ کے میڈیا منیجر روحیل نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا تھاکہ مہوش حیات کے خلاف نہ تو برطانوی ہائی کمیشن اور نہ ہی کسی اور ادارے کی جانب سے کوئی نوٹس یا شکایت موصول ہوئی ہے۔’’جٹ محکمہ‘‘ ایک آرٹ پراجیکٹ تھا جس میں مہوش حیات نے بطور ماڈل اور اداکارہ شرکت کی،ان کا کردار صرف پرفارمنس تک محدود تھا، گانے کا اسکرپٹ، تھیم یا کہانی ہدایت کار اور پروڈیوسر کی ذمہ داری ہوتی ہے اور مہوش حیات نے ایک پیشہ ور فنکارہ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔