وینزویلا پر امریکی حملہ؛ سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس کل ہو گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات کے اندھیرے میں جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا پر امریکہ کے فوجی حملے اور ملک کے صدر کو ان کی بیوی کے ساتھ "گرفتار" کر کے لے جانے کے غیر معمولی واقعہ پر قوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کل پیر کے روز "ہنگامی اجلاس" کرے گی. اس اجلاس میں وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کی اخلاقی اور قانونی حیثت اور اس حملے پر بڑھتی ہوئی عالمی تشویش اور بین الاقوامی نظام کو لاحق ممکنہ خطرات پر غور کیا جائے گا۔
سکیورٹی کونسل کا یہ اجلاس وینزویلا کے پڑوسی جنوبی امریکی ملک کولمبیا کی درخواست پر بلایا گیا، جس کی چین اور روس نے حمایت کی، جبکہ وینزویلا نے بھی باضابطہ طور پر سلامتی کونسل سے رجوع کیا ہے۔
اجلاس ’’بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات‘‘ کے ایجنڈے کے تحت ہوگا اور سیکریٹری جنرل کونسل کے ارکان کو بریفنگ دیں گے۔
یہ شدید خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی ملک پر فوجی حملہ کر کے اس ملک کے سربراہ کو اٹھا کر لے جانے کا امریکی اقدام بین الاقوامی امن اور قانون کی عملداری کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حرکت بین الاقوامی قانون کی سنگین وائلیشن کے لیے ایک خطرناک مثال بن سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی اس بات پر شدید فکرمند ہیں کہ امریکہ کی کارروائی سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔