گلوکارکوسرکاری میوزک شو میں پی ٹی آئی کے بانی کی تعریفیں کرنا مہنگا پڑگیا

Jan 04, 2026 | 17:05:PM
 گلوکارکوسرکاری میوزک شو میں پی ٹی آئی کے بانی کی تعریفیں کرنا مہنگا پڑگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) سرکاری  وینیو پر سرکاری سرپرستی میں ہو رہے میوزک شو میں پی ٹی آئی کے بانی کی تعریفوں پر مبنی گانا گانا سنگر کو مہنگا پڑ گیا۔  سنگر پر مقدمہ درج ہو گیا۔

"قیدی نمبر804" گانے کا واقعہ لاہور کے شالا مار باغ میں سرکاری سرپرستی میں ہو رہی "میوزیکل نائٹ"  کے دوران ہوا۔ ایک سنگر نے پی ٹی آئی کے بانی کی تعریفوں پر مبنی گانا گا دیا، اس گانے میں بانی کو  "قیدی 804 " کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔ شکایت موصول ہونے پر گلوکار فراز  کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
    شالا مار باغ سرکاری باگ ہے جو مقررہ اوقات کے دوران پبلک کے لئے کھلا رہتا ہے اور حکومتی ادارے یہاں تقریبات بھی کرواتے رہتے ہیں۔ خاص طور سے ثقافتی تقریبات کے لئے اس وینیو کو شہر کے پرائم وینیوز میں شمار کیا جاتا ہے۔ گزشتہ رات یہاں  لاہور کی والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام میوزک اینڈ کلچرل شو کا اہتمام کیا گیا تھا جسے میوکل نائٹ کا نام دیا گیا تھا۔ اس شو میں  کئی گلوکاروں کو موقع دیا گیا تھا۔ ان میں ایک کم معروف قوال فراز  بھی تھے۔ فراز نے اپنے ہمنواؤں کے ساتھ قوالی پیش کی اور پھر "قیدی نمبر 804" کی تعریفوں پر مبنی ایک کانا گانا شروع کر دیا۔
   پروگرام کے دوران اڈیالہ جیل میں قید کی سزا کاٹ رہے پی ٹی آئی کے بانی سے منسوب گانا گانے پر قوال فراز کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
    یہ مقدمہ شالامار باغ  کی انتظامیہ کے انچارج  ضمیر کی مدعیت میں تھانہ شالیمار میں درج کیا گیا جس میں تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات شامل ہیں۔

قوال فراز خان نے بعد میں یہ عذر پیش کیا کہ ان سے اس گانے کی فرمائش کی گئی تھی۔ انہوں نے فرمائش پر گانا گایا۔

شالیمار باغ میں سرکاری خرچ سے  ہونے والا یہ میوزک شو  عوام کے لیے کھلا تھا،  سرکاری افسران بھی یہان اپنی فیملیز کے ساتھ میوزک سننے کے لئے آئے ہوئے تھے اور عام شہری بھی  بیوی بچوں کے ساتھ موجود تھے۔ یہ واضح نہیں کہ قوال فراز نے "قیدی نمبر 804" کے حوالے سے کیا گایا جس پر تعزیرات پاکستان کی کئی دفعات پر مشتمل ایف آئی آر کٹ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے نے ثقافتی تقریبات کے دوران نظم و ضبط  اور اخلاقی حدود  پر سوالات اٹھا دیئے ہیں اور اظہارِ فن اور قانون کی عملداری پر  نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق انہوں نے مقدمہ درج کرنے کے بعد واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

آج شام تک کسی گرفتاری کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

قیدی نمبر 804 کیا کیا معاملہ ہے؟

 پی ٹی آئی کے بانی کو 5 اگست 2023 کو توشہ خانہ کیس میں قید سزا سنائے جانے کے بعد لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ تقریباً ایک ماہ  21 دن تک رہے۔ اس جیل میں جیل مینویل کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی کو قیدی نمر 804 کا ٹیگ الاٹ کیا گیا تھا۔  اس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جہاں انہیں کوئی "قیدی نمبر" اسائن نہیں کیا گیا لیکن بہت سے حامی اور مخالف بانی کا "قیدی نمبر804" کے نام سے بھی ذکر کرتے ہیں۔

گزشتہ مہینوں کے دوران کچھ گانے والوں نے قیدی نمبر 804 کے الفاظ کو اپنے گانوں میں بھی شامل کیا۔ ان میں عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نمایاں ہیں جو پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن بھی ہیں۔