تحریک انصاف نے اپنے صوبے میں منفی سوچ کو ترقی دی ہے :نہال ہاشمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ورکرز سوشل میڈیا پر صرف اپنی قیادت کو اچھا باقی سب کو برا بھلا کہتے ہیں تحریک انصاف نے اپنے صوبے میں اور پورےملک میں صرف اپنے ورکرز میں منفی سوچ کی ترقی دی ہے۔
24نیوز کے پروگرام ’’گونج مسعود رضا کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نےایک سوچ کی ترقی دی ہے اور وہ سوچ کیا ہے وہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر بیٹھ کر اپنے مخالفین کے خلاف منفی باتیں پھیلاو،ان کو برا بھلا کہواور اپنی قیادت کے بارے میں ہر منفی اور مثبت بات کو سوشل میڈیا پر بغیر سوچے آگے بڑھاو ۔
ان کے علاوہ جتنے بھی لوگ ہیں وہ بات کرنے کے بھی قابل نہیں ہیں اور یہ صرف سوچ نہیں ایک منفی کھیل ہے ہونا تو یہ چاہیے کہ آپ اختلاف کریں، اپنے مخالفین کے ساتھ لیکن اس کے ساتھ ملک کی ترقی کے لیے مثبت رول پلے کرے،آج جو میرٹ کا معیار ہے کے پی کا وہ ماضی سے بہت پیچھے چلا گیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو چاہیے کہ نوجوانوں کو انتشار اور مار دھاڑ کے بجائے تعمیری سیاست سکھائیں،ان کو سکھائیں کے اپنے ملک کو سنوارنا ہے، مزید یہ کہ اسٹوڈنٹس کو ملکی سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، ان کی سیاست ان کے تعلیمی اداروں کے اندر ہونی چاہیے، جو ان کے اصل مسائل ہوتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک دہشتگردی کا شکار ہے اور پاکستان کی افواج نے مئی میں جو بھارت کو سبق سکھایا ہے، وہ اس کے زخم چاٹ رہا ہے اور اس کا بدلہ لینے کے لیے مختلف طریقوں سے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے،ہم سب کو ملک میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرنی چاہیے اور دہشتگردوں کے ساتھ سختی سے نمٹنا چاہیے۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا پچھلے 24 سال سے دہشتگردی سے نبرد آزما ہے،اس کے مقابلے میں پنجاب کے ایک وزیر اعلیٰ نے 2006 یا 2007 کی بات ہے، اس وقت انہوں نے کہا تھا تحریک طالبان پاکستان کو کہ طالبان کی اور ہماری سوچ ایک ہے تو اس کو سامنے رکھتے ہوئے جب ہم کارکردگی کا موازنہ کرتے ہیں تو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زیادہ فرق نہیں ہے، چاہے سکول ہوں یا یونیورسٹی، دوسرا خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی وجہ سے بہت زیادہ بزنس چلا گیا ہے،اس تناظر میں مجھے لگتا ہے کہ خیبرپختونخوا نے پنجاب سے زیادہ ترقیاتی کام کیا ہے اور سب سے بڑی ترقی سوچ کی اور آزادی اظہار کی ہوتی ہے جبکہ پنجاب میں کوئی وزیر اعلیٰ کے سامنے کھڑا ہو کر ایک سوال بھی نہیں کر سکتا۔
پروگرام میں شامل پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ صوبوں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مقابلہ ہونا اچھی بات ہے اور یہ ہی جمہوریت کا حسن ہوتا ہے ،آج تمام صوبے ترقی کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن ثبوت یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کے آدھے سے زیادہ لوگ اور آدھا ساوتھ پنجاب کراچی آتے ہیں صحت کی سہولیات کے لیے روزگار کے لیے اور تعلیم کے لیے تو سندھ کی ترقی اس بات سے ثابت ہوتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہیلتھ سسٹم میں بہت کام کیا ہے، لوگ کراچی پر تنقید تو کرتے ہیں لیکن پورے ملک سے لوگ کراچی کا رخ کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے پاکستان سے لوگ روزگار کے لیے کراچی آتے ہیں لاہوریا پشاور نہیں آتے تو عوام کو بنیادی سہولتیں چاہیے جن میں صحت ،تعلیم اور روزگار شامل ہوتے ہیں تو یہ تمام چیزیں سندھ میں عوام کو میسر ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں : آئندہ برسوں میں پاکستانی عازمین حج کا لباس ایک ہی رکھنے کی تجویز