عمران خان کی لانگ مارچ میں فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے:مریم اورنگزیب

Nov 03, 2022 | 18:25:PM
 عمران خان کی لانگ مارچ میں فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے:مریم اورنگزیب
کیپشن: فوئل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے لانگ مارچ میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں، یہ افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

سرکاری چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ ہے اور پنجاب پولیس، پنجاب کی انتظامیہ اور پنجاب کے انٹیلی جنس ادارے واقعہ کی تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کی فوٹیج دیکھی، وہ زخمی ہوئے، ان کی صحت کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ضرور پڑھیں : سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ایک شخص جاں بحق، چیئرمین پی ٹی آئی سمیت7 افراد زخمی

ان کا کہناتھا کہ یہ واقعہ پنجاب حکومت کی حدود میں ہوا ہے، اس واقعہ پر قیاس آرائیاں نہیں ہونی چاہئیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے، ایسے واقعات پر قیاس آرائیوں سے مزید اشتعال پیدا ہو سکتا ہے۔ انھوں ں نے مزید کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب پولیس اور پنجاب حکومت کی طرف سے آنے والے حقائق کو نشر کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پنجاب حکومت، آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری پنجاب سے رابطے میں ہیں، جیسے ہی کوئی مصدقہ اطلاع ملتی ہے وہ میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جس طرح کا تعاون چاہے گی، وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ ہم پنجاب حکومت کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، اس واقعہ پر وفاقی حکومت پنجاب حکومت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔