ہارلے ڈیوڈسن نے 88 ہزار موٹرسائیکلز واپس منگوا لیے، وجہ کیا بنی؟

May 03, 2026 | 09:47:AM
ہارلے ڈیوڈسن نے 88 ہزار موٹرسائیکلز واپس منگوا لیے، وجہ کیا بنی؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک )امریکی موٹرسائیکل ساز کمپنی ہارلے ڈیوڈسن نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر تقریباً 88 ہزار موٹر سائیکلیں واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔

 کمپنی کے مطابق یہ اقدام ایک ایسے تکنیکی نقص کے باعث اٹھایا گیا ہے جس سے انجن سے تیل اچانک خارج ہونے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جو قریبی افراد کے لیے جلنے اور زخمی ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

یہ ری کال مجموعی طور پر 88 ہزار 39 موٹر سائیکلوں پر مشتمل ہے، جن میں 2024 سے 2026 تک کے مختلف ماڈلز شامل ہیں۔ اس حوالے سے امریکی ادارے نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جس نے اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔

 کمپنی کے مطابق مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب انجن کے آئل فل اسپاؤٹ سے ڈِپ اسٹک نکالی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں تیل دباؤ کے ساتھ باہر نکل سکتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ایئر باکس بیس پلیٹ میں موجود بریتھر پورٹ کا بلاک ہونا ہے، جو عام حالات میں انجن کے اندر پیدا ہونے والے دباؤ کو خارج کرنے کے لیے بنایا جاتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:امریکی ناکہ بندی ختم؟ ایران نے گیم بدل دی

متاثرہ ماڈلز میں روڈ گلائیڈ (ایف ایل ٹی آر ایکس)، اسٹریٹ گلائیڈ (ایف ایل ایچ ایکس)، بریک آؤٹ (ایف ایکس بی آر)، فیٹ بوائے (ایف ایل ایف بی) اور دیگر شامل ہیں، جبکہ کچھ ماڈلز صرف 2026 کے لیے مخصوص ہیں۔ کمپنی کے مطابق تقریباً 0.4 فیصد موٹر سائیکلوں میں یہ خرابی موجود ہو سکتی ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام متاثرہ یونٹس کا معائنہ ضروری قرار دیا گیا ہے۔

ہارلے ڈیوڈسن نے کہا ہے کہ مجاز ڈیلرز متاثرہ موٹر سائیکلوں کا معائنہ کریں گے اور اگر خرابی پائی گئی تو اسے مفت درست کیا جائے گا۔ کمپنی 11 مئی 2026 سے مالکان کو باضابطہ طور پر آگاہ کرنے کے لیے خطوط ارسال کرے گی۔