وزیردفاع خواجہ آصف نے صیہونیت کو انسانیت کیلئے خطرہ قرار دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل کے قائم ہونے سےآج تک اسلامی دنیا پہ جو بھی جنگیں مسلط ہوئیں ان کے پیچھے صیہونی ریاست نظر آئے گی،دنیا کے معاشی نظام پہ صیہونیت کا ایک صدی سے قبضہ ہے، ایران کی معاہدے پر رضا مندی کے باوجود جنگ مسلط کی گئی۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ دنیا کے معاشی نظام پہ صیہونیت کا ایک صدی سے قبضہ ہے، بڑی طاقتیں صیہونیت کی یرغمال ہیں، وطن عزیز ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری افواج کا لوہا اللہ کے کرم اور مدد سے دنیا میں مانا جاتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے شہیدوں اور غازیوں کا احسان ہے کہ ہماری خود مختاری محفوظ ہے، اللہ ان تمام افراد پہ رحمتیں نازل کرے جنہوں نے ہمیں ایٹمی طاقت بنانے میں کردار ادا کیا، نواز شریف کی ہمت کو سلام جس نے ایٹمی دھماکے کیے۔
صیہونیت انسانیت کے لئے خطرہ ھے۔ فلسطین کی سرزمین پہ اسرائیل کے قائم ھونے سے لیکر آجتک اسلامی دنیا پہ جو بھی قیامتیں ٹوٹیں جو بھی جنگیں مسلط ھوئیں انکے پیچھے صیہونی سوچ اور ریاست بالواسطہ یا بلا واسط کار فرما نظر آئیگی ۔ دنیا کے معاشی نظام پہ صیہونیت کا ایک صدی سے قبضہ ھے۔ بڑی…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) March 3, 2026
انہوں نے کہا کہ ایران کی معاہدے پہ رضا مندی کے باوجود ان پہ جنگ مسلط کی گئی ہے، اس کے ایجنڈے میں جو صیہونیوں کا ترتیب شدہ ہے، اس میں یہ بھی شامل ہے کہ اسرائیل کا اثر و رسوخ پاکستان کی سرحد تک لایا جائے،افغانستان، ایران اور ہندوستان سب کے مشترکہ ایجنڈا کی بنیاد پاکستان دشمنی ہے اور یہ کہ ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہوجائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ باز نہ آئے تو تیسری عالمی جنگ شروع ہو سکتی ہے:روس
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ہر طرف سے دشمنوں میں گھر جائے اور ایک دست نگر ریاست بن جائے، 25 کروڑ پاکستانیوں کو، چاہے وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے رکھتے ہوں اختلافات کے باوجود اس سازش اور ازلی دشمنوں کے عزائم سمجھنے کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اللہ عالم اسلام کو اتحاد دے، دشمن کو پہچاننے کی توفیق دے، فلسطین آزاد ہو، میرا وطن تا قیامت قائم رہے۔