ممتاز شاعر ،ادیب اور صحافی سید فاطر شہید کا کلام انڈیا کی معروف ادبی ویب پورٹل’’ریختہ‘‘ میں شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) پاکستان کےممتاز شاعر، ادیب اور صحافی سید فاطرشہیدؔ کی ادبی خدمات کا اعتراف سرحد کے پار بھی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ انڈیا کےمعروف ادبی ویب پورٹل ’’ریختہ‘‘ نے سید فاطر شہیدؔ کے کلام کو اپنے انتخاب میں شامل کیا ہے۔ جو ملک و قوم خصوصاََ پاکستانی ادبی حلقوں کے لیے قابلِ فخر لمحہ ہے۔
ریختہ نے سید فاطر شہیدؔ کا تعارف اپنے ان سنہری الفاظ میں کیا ہے کہ ’’سید فاطر شہیدؔ کا تعلق لاہور، پاکستان سے ہے۔ وہ شاعر، صحافی، فلم، ٹی وی اور ریڈیو کے لیے لکھنے والے تخلیق کار ہیں۔ ادبی حلقوں میں اپنی شاعری اور صحافتی خدمات کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کے کلام میں عصری حس، جذباتی شدت اور معاشرتی شعور نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔
سید فاطر شہیدؔ مختلف ادبی سرگرمیوں میں فعال رہتے ہیں اور اپنے شعری ذوق کے باعث اہلِ ادب میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں‘‘۔ پاکستانی ادبی حلقوں نے ’’ریختہ‘‘ کے انتخاب پر سید فاطر شہیدؔ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سید فاطر شہیدؔ پاکستان کے معروف میڈیا گروپس میں اعلیٰ عہدوں پرفائز رہ چکے ہیں اوراس وقت ’’سٹی نیوز نیٹ ورک‘‘ میڈیا گروپ سے وابستہ ہیں ملکی و غیرملکی اخبارات و جرائد سمیت نیوز پورٹلز پر اکثران کی تخلیقات نمایاں طورپرشامل کی جاتی ہیں۔
اس سے قبل بھی سید فاطرشہیدؔ کی پنجابی نظم ’’گھنجل‘‘کوعالمی ادبی اعزاز ’’شہید بھگت سنگھ ایوارڈ‘‘ سے نوازا جاچکا ہے۔