خوشخبری !وزیراعظم کی آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ سہولت کے آغاز کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِاعظم فیصل ممتاز راٹھور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ خطے بھر میں ہیلتھ کارڈ سہولت فوری طور پر فعال کی جائے۔
وزیرِاعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس اقدام کو عوامی فلاح کا ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غریب اور متوسط طبقے کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات تک بآسانی رسائی حاصل ہو سکے گی۔
مظفرآباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سہولت کے تحت شہری مالی دباؤ کے بغیر طبی علاج کروا سکیں گے، جس سے آزاد جموں و کشمیر کے صحت کے مجموعی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ معاشرے کے تمام طبقات کے لیے سستی، معیاری اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
وزیرِاعظم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق تمام انتظامی اور تکنیکی امور کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور ہیلتھ کارڈ خدمات کے آغاز میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے، انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں کیونکہ ان کا براہِ راست فائدہ عام شہریوں کو پہنچتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تیاری کرلیں! موسم سے متعلق اہم پیشگوئی
واضح رہے کہ پاکستان کے دیگر حصوں میں ہیلتھ کارڈ سہولت مثبت نتائج دے چکا ہے، جس کے باعث طبی اخراجات میں نمایاں کمی اور صحت کی سہولیات تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں اس اسکیم کا اجرا قومی سطح پر سماجی تحفظ اور صحت کی کوریج کو فروغ دینے کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔