مہاجرینِ جموں و کشمیر ہمارے دل کے نہایت قریب ہیں؛انجینیر امیر مقام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نےیومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر پیغام جاری کردیا،وفاقی وزیرکا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر ہمارے دل کے نہایت قریب ہیں،مہاجرین کی تالیفِ قلب، بحالی اور باعزت آبادکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر حکومتِ پاکستان نے مہاجرینِ جموں و کشمیر(1989–90) کے لیے فی کس ماہانہ گزارہ الاؤنس5 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے،حکومتِ پاکستان کی جانب سے3ارب روپے کی لاگت سے 750 رہائشی گھروں کی تعمیر پر مشتمل پائلٹ پراجیکٹ پرکام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رہائشی منصوبے کے لیے حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری زمین مہیا کی،سرکاری زمین محدود ہونے پر قانونی طریقۂ کار کے تحت بذریعہ ایوارڈ زمین حاصل کی جا رہی ہے،گزارہ الاؤنس بڑھانے کا فیصلہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ گہری محبت، وابستگی اور غیر متزلزل یکجہتی کا مظہر ہے،حکومتِ پاکستان مہاجرینِ جموں و کشمیر کی مکمل بحالی اور آبادکاری کو صرف ایک سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ قومی فریضہ سمجھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت، کشمیری عوام کے ازلی اور مسلمہ حق , حقِ خودارادیت کے حصول تک، ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی،پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،پاکستان کشمیریوں کے ساتھ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : مریم نواز نے 7 فروری کو لبرٹی چوک میں جشنِ بسنت کا اعلان کردیا