جدید ٹیکنالوجی عدالتی خدمات کی فراہمی کیلئے ضرورت بن چکی ہے:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(امانت گشکوری) چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی عدالتی خدمات کی موثر فراہمی کیلئے ضرورت بن چکی ہے۔
وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ای کورٹس سے متعلق ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں جسٹس محمد علی مظہر، وزارتِ اطلاعات، ٹیلی کمیونیکیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی عدالتی خدمات کی موثر اور فوری فراہمی کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے،انہوں نے نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کے بنیادی کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔
اعلامیے کے مطابق ورکشاپ میں عدالتی نظام کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے ممکنہ حل تفصیل سے زیرِ بحث لائے گئے۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور مختلف عدالتوں کے رجسٹرارز نے عدالتی اداروں کے تکنیکی جائزوں پر مبنی تفصیلی رپورٹس بھی پیش کیں۔
ورکشاپ میں آئندہ مراحل کے لیے جامع لائحہ عمل پیش کیا گیا جبکہ انصاف کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل فریم ورک کی تیاری کی باضابطہ منظوری بھی دے دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فریم ورک پاکستان میں عدالتی اصلاحات اور ای کورٹس کے عملی نفاذ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن سے نگرانی اور سروس ڈیلیوری بہتر ہو گی؛علی پرویز ملک