قومی ادارہ صحت نے موسمی فلو (Influenza) سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی 

Nov 02, 2023 | 20:43:PM
قومی ادارہ صحت نے موسمی فلو (Influenza) سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کفایت علی شاہ) قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے موسمی فلو سے متعلق ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

ایڈوائزری موسمی فلو کی پیشگی روک تھام کیلئے صحت کے متعلقہ اداروں کو جاری کی گئی جس کے مطابق موسم سرما (دسمبر تا فروری) میں ملک کے مختلف حصوں میں موسمی فلو کے کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے، ملک بھر میں قبل از وقت احتیاطی تدابیر اٹھانے اور متحرک رہنے کی ضرورت ہے۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ موسمی فلو ایک قابل علاج بیماری ہے، اس بیماری کا وائرس کھلی فضا میں کھانسنے یا چھینکنے کی وجہ سے اور مریض کے ہاتھوں کے ذریعے اردگرد کی جگہوں پر پھیل جاتا ہے، جب کوئی صحت مند شخص وہاں سانس لیتا ہے یا متاثرہ چیزوں کو چھوتا ہے تو یہ وائرس اس تک منتقل ہو جاتا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ عام طور پر بزرگ ، پانچ سال سے کم عمر بچے، حاملہ خواتین، قوت مدافعت کی کمی اور دائمی بیماریوں کے شکار (کینسر، ذیابیطس، دل یا سانس کی شدید تکلیف میں مبتلا) افراد کو اس بیماری سے جلد متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

اس کی پیشگی روک تھام کیلئے قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے ویکسینیشن لگوانے کی ہدایات کی گئی ہیں، خاص طور پر حاملہ خواتین، قوت مدافعت کی کمی کے شکار اور دائمی بیماریوں میں مبتلا مریض اور ہیلتھ کئیر ورکرز ویکسینیشن ضرور کروائیں۔