سینٹ الیکشن۔۔ تمام اتحادی جماعتوں کا حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سینٹ الیکشن میں حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔کامیابی کےلئے مل جل ساتھ چلنے کی ٹھان لی۔
تفصیلات کے مطابق ق لیگ، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سمیت حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے سینٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کیا۔وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اتحادی جماعتوں نے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر حفیظ شیخ نے کہاکہ کل تاریخی دن ہوگا، پی ٹی آئی سینٹ میں اکثریت حاصل کرے گی، ہم چاہتے ہیں الیکشن میں پیسہ نہ چلے، گالم گلوچ نہ ہو، جمہوری طریقے سے ارکان اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں۔انہوں نے کہا ہم سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں، عوام چاہتے ہیں کہ قیادت ایمان دار ہو، اصل مسائل عوام کے ہیں جنھیں ہم حل کریں گے، ہم چاہتے ہیں سینٹ الیکشن مہذب ہوں خرید و فروخت نہ ہو، اس سے پہلے بھی 3 بار سینیٹر منتخب ہو چکا ہوں، جب بھی موقع ملتا ہے ہم پاکستان کی خدمت کے لئے حاضر ہوتے ہیں۔
ایم کیو ایم کے امین الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ارکان کو رجھانے کی کوششیں کی ہیں لیکن تمام ارکان وفاقی حکومت کے اتحادی ہونے کی وجہ سے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالا دستی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کی ترقی پر توجہ نہیں دی، سندھ کے ارکان پارلیمنٹ کو ڈرایا دھمکایا اور رشوت کی پیش کش بھی کی جا رہی ہے۔جی ڈی اے کی رہنما فہمیدہ مرزا نے کہا کہ تمام حلیف جماعتیں متحد ہیں، جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے، سینٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کریں گے۔ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی حفیظ شیخ کی ہوگی، تمام اتحادی جماعتیں ان کے ساتھ ہیں۔