جعلی ادویات کے خاتمے کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی منظوری 

Jun 02, 2026 | 20:01:PM
جعلی ادویات کے خاتمے کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی منظوری 
کیپشن: ادویات، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد ترک)جعلی ادویات کے خاتمے کیلئے تاریخی اقدام، وفاقی کابینہ نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی منظوری دے دی ہے، وزارت صحت کے مطابق وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں ادویات پر جدید ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جسے پاکستان میں جعلی ادویات کے خاتمے اور ادویات کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق اس مقصد کے لیے ڈرگ لیبلنگ اینڈ پیکنگ رولز 1978 میں ضروری ترامیم کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، نئے نظام کے تحت ملک میں تیار یا درآمد کی جانے والی ہر دوا پر معیاری ٹو ڈی بارکوڈ اور سیریلائزیشن ڈیٹا درج کرنا لازمی ہوگا، جس کے ذریعے دوا کی تیاری سے صارف تک رسائی کے تمام مراحل کی ڈیجیٹل نگرانی اور تصدیق ممکن ہو سکے گی، وزیر صحت نے کہا کہ پہلی بار ہر دوا کو ڈیجیٹل طریقے سے ٹریک اور ویریفائی کیا جا سکے گا، جس سے جعلی، غیر معیاری اور نقلی ادویات کی مؤثر نشاندہی اور ان کا خاتمہ ممکن ہو گا، انہوں نے بتایا کہ نظام کے نفاذ کے بعد عام صارف بھی بآسانی دوا کی اصل حیثیت، قیمت اور میعادِ استعمال سے متعلق مستند معلومات حاصل کر سکے گا۔

 مصطفیٰ کمال کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) ملک بھر میں اس جدید نظام کے نفاذ کی ذمہ دار ہوگی جبکہ دوا ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو نئے قواعد کے مطابق اپنی مصنوعات پر مطلوبہ ڈیجیٹل معلومات درج کرنا ہوں گی، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں ادویات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے، ان کے مطابق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم جعلی ادویات کے خلاف ایک مضبوط اور مؤثر دیوار ثابت ہو گا جبکہ پاکستان خطے میں جدید ٹیکنالوجی اپنانے والے نمایاں ممالک میں شامل ہو جائے گا، وزیر صحت نے مزید بتایا کہ ڈریپ کی جانب سے صنعت کو سہولت فراہم کرنے کیلئے جلد تکنیکی رہنما اصول جاری کیے جائیں گے، جبکہ متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورتی اجلاس پہلے ہی منعقد کیے جا چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام نگرانی کے روایتی طریقوں کی جگہ لے گا اور اس کے ذریعے عوام کی صحت، زندگی اور اعتماد کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:روپیہ تگڑا؛یورو،اماراتی درہم اور سعودی ریال سستا ہو گیا