تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 7 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ، 96 افراد کو بچا لیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)گیمبیا کے شمال مغربی علاقے میں ایک کشتی کے الٹنے کے نتیجے میں سات افراد کی لاشیں برآمد اور 96 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جو ممکنہ طور پر 200 سے زائد تارکین وطن لے کر جا رہی تھی۔
گیمبیا کے محکمہ دفاع کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاشی اور بازیابی کا عمل ابھی بھی جاری ہے۔
یہ واقعہ دنیا کے سب سے خطرناک مہاجر راستوں میں سے ایک پر پیش آیا، جہاں زیادہ تر مغربی افریقی باشندے سپین پہنچنے کے لیے کنری جزائر کے راستے سفر کرتے ہیں۔
محکمہ دفاع کے بیان کے مطابق کشتی آدھی رات کے قریب گیمبیا کے نارتھ بینک ریجن کے ایک گاؤں کے قریب الٹ گئی تھی اور بعد ازاں ایک ریت کے ٹیلے پر پھنسی ہوئی پائی گئی۔
ریسکیو میں تین نیول اسپیڈ بوٹس ایک ساحلی گشت کی کشتی اور ایک مقامی ماہی گیری کی کشتی شامل تھی، جس کے آپریٹرز نے رضاکارانہ مدد فراہم کی۔
بیان میں کہا گیا کہ بچائے گئے 10 تارکین وطن کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ان کی قومیّت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔