آئیں بیٹھیں اورپاکستان کوبچائیں،صرف پاکستان زندہ بادکےنعروں سےملک نہیں بنےگا؛اچکزئی

Feb 02, 2026 | 22:09:PM
آئیں بیٹھیں اورپاکستان کوبچائیں،صرف پاکستان زندہ بادکےنعروں سےملک نہیں بنےگا؛اچکزئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیو ز)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صرف پاکستان زندہ باد کے نعروں سے پاکستان نہیں بنے گا،ہمارے درمیان یہ فاصلے کم ہونے چاہئیں۔ 

 قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے سپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا سپیکر صاحب میں آپ کے پاس نہیں آسکا، آپ بھی نہیں آئے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان پورے ملک کے لیے ایک بلائنڈ اسپاٹ ہے، گندمک معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کچھ علاقے افغانستان سے کاٹے گئے، جبکہ 1970 میں بلوچستان میں بلوچوں اور پشتونوں کو اکٹھا کیا گیا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں کسی سردار کی مرضی کے خلاف اس کے علاقے میں جلسہ نہیں کیا جا سکتا،آپ نے ان راجواڑوں کو ہمارے ساتھ شامل کیا،سوئی کی گیس پورے پاکستان تک پہنچ گئی لیکن وہاں کی عورتیں آج بھی آگ جلا کر روٹیاں پکاتی ہیں،ان حالات میں کون آپ کو چھوڑے گا؟ 

انہوں نے کہا کہ کوئی پاگل نہیں جو لڑے ،بلوچوں کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ وسائل پر ان کا حق ہوگا، تب پاکستان ایک بہترین گلدستہ بن جائے گا،صرف پاکستان زندہ باد کے نعروں سے پاکستان نہیں بنے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پشتون بلوچستان کی آبادی کا50 فیصد ہیں اور ان باتوں پر پہلے بھی جھگڑے ہو چکے ہیں،ان کے مطابق خان آف قلات کو ان تمام حقائق کا اندازہ تھا۔

سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ “کیسے لوگ 15ضلعوں میں آ کر گھومتے رہے؟ کوئی شریف آدمی ہوتا تو حکومت چھوڑ دیتا، دو گھنٹوں تک کچھ بھی نہیں ہوا،کل جو لوگ آئے تھے وہ مرنے کے لیے آئے تھے،سیکیورٹی فورسز کو کیوں معلوم نہیں ہو سکا کہ کیا ہونے والا ہے، اور اگر یہ سب کچھ قصداً ہوا تو یہ بہت بڑی زیادتی ہے،ہر پہاڑی پر مسلح لوگ موجود ہیں، کوئی کسی کو نہیں روکتا،کوئٹہ میں بینک موجود ہیں اور بی ایل اے کو بینکوں کے ذریعے پیسہ دیا جاتا ہے،ہمیں تاریخ کو مسخ نہیں کرنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ کسی ٹی وی چینل نے کل گانے بند نہیں کیے۔

محمود اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ دو ڈاکٹروں کو بھیجا جائے تاکہ عمران خان کا معائنہ ہو سکے،ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی ڈاکٹر کو ان کے پاس بھیج دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو خط لکھوں گا۔

طالبان کو کس نے سپورٹ کیا؟ ہم نے طالبان کو سپورٹ کیا، یہ ہم نے خود کیا ہے،ہم نے طالبان کو ٹرین کیا، ضیاء الحق نے طالبان کو فریڈم فائٹر کہا، ہم نے طالبان کو سکھایا کہ چھاؤنیوں میں گھسا جاتا ہے۔ 

انہوں نے انکشاف کیا کہ کوئلے کی کانوں پر جتنا ٹیکس حکومت کو ملتا ہے، اتنا ہی بی ایل اے کو ملتا ہے،انہوں نے کہاکہ آئیں بیٹھیں اور پاکستان کو بچائیں۔ آپ بتائیں ملک میں کلاشنکوف کون لایا؟

محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ دشمنیاں مستقل نہیں ہوتیں، افغانستان کے ساتھ بات کریں۔
 اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہماری ایجنسیوں اور فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے  تاہم بعد ازاں اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر کی ایجنسیوں سے متعلق بات کو کارروائی سے حذف کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں :  ورلڈبینک کے صدرکا دوررہ خوشاب،انتظامیہ نے3 فروری کو چھٹی کا اعلان کردیا